گدگ: کرناٹک کے گدگ میں جائیداد کے تنازعہ پر ایک شخص نے اپنے والدین کو قتل کروانے کے لیے کرایہ کے قاتلوں کی خدمات حاصل کیں، جرم اس وقت اور بھی بدصورت موڑ اختیار کرگیا جب مجرموں نے گھر کے چار دیگر افراد کو ہی قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق 31 سالہ ونائک بکالے نے اپنے والد پرکاش بکالے اور اپنی سوتیلی ماں سنندا کو قتل کرنے کے لئے کرایہ کے قاتلوں کو سپاری دی تھی لیکن بدمعاشوں نے غلط پہچان کرتے ہوئے گھر آئے تین مہمانوں کے علاوہ ونائک کے سوتےلے بھائی کو قتل کردیا۔ قتل کی واردات 19 اپریل کو علی الصبح پیش آئی تھی۔ پرکاش اور سنندا، جو گدگ-بیٹاگیری میونسپل کونسل کے نائب صدر ہیں، خود کو ایک کمرے میں بند کر کے اپنی جان بچانے میں کامیاب ہو گئے۔
نارتھ زون کے آئی جی پی وکاس کمار نے کہاکہ "ونائک بکالے وہ ہے جس نے اپنے والد پرکاش بکالے اور اس کی سوتیلی ماں کو قتل کرنے کے لیے 'سپاری' (کنٹریکٹ کلنگ) دیا تھا۔" ''ونائک بکالے نے اپنے والد اور سوتیلی ماں کو قتل کرنے کے لیے فیروز قاضی اور اس کے گروہ کو 65 لاکھ روپے کی 'سپاری' دی تھی۔ اس نے 2 لاکھ روپے بطور ایڈوانس دیے تھے۔ حال ہی میں پرکاش بکالے اور ونائک کے درمیان کاروباری تنازعہ ہوا تھا۔ چند ماہ قبل ونائک نے اپنے والد کی اجازت کے بغیر کچھ جائیداد بیچ دی تھی۔ پرکاش، ونائک کے رویہ سے تنگ آکر اس سے جھگڑا ہوا تھا۔ ونائک نے جائیداد کی فروخت کی مخالفت کرنے پر اپنے والد، سوتیلی ماں سنندا اور بھائی کارتک کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ حملہ آوروں نے ونائک کے سوتیلے بھائی کارتک بکالے (27) اور پرکاش کے رشتہ دار پرشورام ہادیمانی (55)، اس کی بیوی لکشمی ہادیمانی (45) اور بیٹی آکانکشا ہادیمانی (16) کو قتل کردیا۔ یہ تینوں گھر میں مہمان کے طور پر آئے تھے اور غلط پہچان کرتے ہوئے قاتلوں نے انہیں قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے فرار ہونے والے ملزمان کی فوٹیج سی سی ٹی وی میں قید ہوئی، جس سے پولیس کو ان کی گرفتاری میں مدد ملی۔ آئی جی پی نے کہا کہ پولیس نے جرم کے 72 گھنٹے کے اندر ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کی شناخت گدگ شہر کے فیروز قاضی (29)، جشن قاضی (24) ساحل قاضی (19) سہیل قاضی (19)، سلطان شیخ (23)، مہیش، سالونکے (21) اور واحد بیپاری (21) کے طور پر کی گئی۔