ممبئی: شب برات کے موقع پر لوگ بڑی تعداد میں قبرستان میں اکٹھا ہوتے ہیں اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہیں، جسے دیکھتے ہوئے سونا پور مسجد کی جانب سے بہتر انتظامات کیے گیے ہیں تاکہ لوگوں کو کوئی پریشانی نہ ہو، یہ قبرستان جامع مسجد ٹرسٹ کے زیر اہتمام ہے۔
اس موقع پر جامع مسجد ممبئی کے ٹرسٹی شعیب خطیب نے کہا کہ ہم نے نظم و نسق برقرار رکھنے کے لئے ممبئی پولیس کے ساتھ ساتھ اپنی ذاتی سکیورٹی گارڈ کو بھی تعینات کریں گے، تاکہ بھیڑ پر قابو پانے کے لئے اور نظم و نسق برقرار رکھنے کے لئے آسانی ہو۔ خطیب نے بتایا کہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگ یہاں آئیں گے۔
ای ٹی وی بھارت سے ہوئی بات چیت میں شعیب خطیب نے مزید کہا کہ ہم لوگوں کی تعداد کو دیکھتے ہوئے پوری طرح سے تیار ہیں، اب تک کی تیاری میں سبھی گیٹ پر موجود پارکنگ کو لے کر ہم نے انتباہ کیا ہے کہ بے ترتیب گاڑیاں نہ لگائی جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ سکیورٹی عملہ کو تلاشی کے دوران پورا پورا تعاون کریں۔ اپنے ہمراہ کسی طرح کا بیگ یا تھیلا لیکر قبرستان میں نہ داخل ہوں، پانی کا کم استعمال کریں۔ قبرستان میں داخل ہونے سے پہلے ماسک ضرور لگائیں، پولیس عملے کے ساتھ تعاون کریں۔
یہ بھی پڑھیں: 24 فروری سے حاجی ملنگ درگاہ پر عرس کا انعقاد
آپ کو بتا دیں کہ 8 ایکڑ میں پھیلا وسیع و عریض یہ قبرستان ممبئی کا سب سے بڑا قبرستان ہے، جو کی جنوبی ممبئی کے مرین لائنز پر واقع ہے۔ یہاں شبِ برات کے موقع پر دور دراز سے لوگ آتے ہیں جو اپنے مرحومین کے لئے دعا مغفرت کرتے ہیں۔