نئی دہلی: سپریم کورٹ نے صحافی گوری لنکیش کے قتل کے ملزم موہن نائک کو ضمانت دینے کے ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کرنے والی کرناٹک حکومت کی درخواست پر جمعہ کے روز نوٹس جاری کیا۔ موہن نائک 5 ستمبر 2017 کے گوری لنکیش کے قتل کیس کا کلیدی ملزم ہے جس نے مبینہ طور پر قتل کے لیے لاجسٹک مدد فراہم کی تھی۔ جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس ستیش چندر شرما کی بنچ نے موہن نائک کے وکیل سے جواب داخل کرنے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے ریاستی حکومت کے وکیل کو ہدایت دی کہ وہ اس کی ایک کاپی پیش کریں۔
عدالت عظمیٰ نے جنوری میں مقتول کی بہن کویتا لنکیش کی درخواست پر بھی ملزم کو اسی طرح کا نوٹس جاری کیا تھا۔ کرناٹک حکومت نے گزشتہ ماہ سپریم کورٹ میں ہائی کورٹ کے ضمانت کے حکم کے خلاف عرضی داخل کی تھی۔ کرناٹک ہائی کورٹ نے 7 دسمبر 2023 کو مقدمے میں تاخیر کی بنیاد پر موہن نائک کو ضمانت دی تھی۔ موہن نائک کو جولائی 2018 میں کرناٹک کی ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (SIT) نے گرفتار کیا تھا اور جولائی 2022 سے اس پر مقدمہ چل رہا ہے۔ وہ مبینہ طور پر گوری لنکیش کے قتل کے پیچھے کلیدی ملزم ہے۔
چارج شیٹ کے مطابق، نائک نے مغربی بنگلور کے کمبل گوڈو علاقے کے نزدیک تھاگاچاگپے گاؤں میں مکان کرائے پر لیا تھا جسے قتل کی واردات انجام دینے سے پہلے حملہ آوروں نے ٹھکانے کے طور پر استعمال کیا تھا۔ عدالت عظمی نے معاملے کی سماعت کے لیے اگلی تاریخ 9 اپریل کو مقرر کی ہے۔
یو این آئی