مرادآباد: مرادآباد کے مقامی اور مشہور و معروف کرکٹر محمد شامی اور محسن خان کے کرکٹ کوچ بدرالدین کو ایک شخص نے غیر مہذب اور توہین آمیز کلمات اور دھمکی دینے کے بعد مرادآباد کے تھانہ سول لائن میں مقدمہ درج کرایا ہے۔ بریلی کے رہنے والے دیپک چوہان نام کے ایک شخص نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں بدر الدین کے خلاف نہایت ہی شرمناک باتیں کہی گئی ہیں۔
ویڈیو میں یہ شخص کوچ بدرالدین کے خلاف ناخوشگوار باتیں کرتے دکھائی دے رہا ہے۔ اس ویڈیو کی اطلاع ملنے پر بدرالدین نے اس شخص کے خلاف قانونی کاروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرا دیا ہے۔
اس پورے معاملے پر بات چیت کرتے ہوئے کوچ بدرالدین نے بتایا کہ بریلی کا رہنے والا یہ شخص ان سے ٹریننگ لیا کرتا تھا اور ان کا شاگرد رہا ہے، مگر اب سالوں سے ان کا براہ راست کوئی تعلق نہیں رہا۔ اچانک یہ ویڈیو وائرل ہوا جس سے انہیں تکلیف ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس شخص کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرنا چاہتے تھے مگر مستقبل میں اس طرح کے واقعات نہ ہوں اس وجہ سے انہوں نے پولیس کو اطلاع دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ حالات کوئی بھی رہے ہوں مگر اس شخص نے غلط کیا ہے اور اس کی سزا اس کو ملنی ہی چاہیے۔ میں نے پولیس کو تحریر دے کر اپنا کام کر دیا ہے۔ اب اس میں پولیس افسران اپنا کام کریں گے۔