بہار میں پارلیمانی انتخابات کے تحت پہلے مرحلے کے لیے آج پرچہ داخل کرنے کی آخری تاریخ ہے۔ آج ہندوستانی عوام مورچہ سیکوکر کے قومی صدر اور این ڈی اے کے امیدوار جیتن رام مانجھی نے گیاپارلیمانی حلقہ سے پرچہ نامزدگی داخل کیا ہے۔ جبکہ آج ہی عظیم اتحاد سے آرجے ڈی کے امیدوار و سابق ریاستی وزیر کمار سروجیت نے بھی پرچہ نامزدگی داخل کردیا ہے۔ دونوں امیدواروں نے آج اس موقع پر اپنی طاقت کا بھی مظاہرہ کرتے ہوئے جلسہ عام کا اہتمام کیا ہے۔
این ڈی اے کے امیدوار جیتن رام مانجھی کی حمایت میں بہار کے نائب وزیر اعلی سمراٹ چودھری ، اوپیندر کوشواہا اور ایل جے پی آر کے قومی صدر چراغ پاسوان، جے ڈی یو کے ایم ایل سی و قومی جنرل سکریٹری آفاق احمد خان سمیت کئی بڑے رہنماوں کی آمد ہوئی اور وہ پرچہ نامزدگی کے پروگرام میں شریک ہوئے ہیں۔ جبکہ عظیم اتحاد کے امیدوار کمار سروجیت کی حمایت میں بھی کئی بڑے رہنما شامل ہوئے ہیں۔ البتہ کمار سروجیت کے پرچہ نامزدگی کی تقریب میں کانگریس کا کوئی رہنما شامل نہیں ہواہے۔
وہیں آج دو بڑے رہنماوں اور امیدواروں کے پرچہ نامزدگی کے پیش نظر انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ حامیوں کی بھیڑ پر قابو پانے کےلیے کلکٹریٹ روڈ پر بریکیڈنگ کی گئی ہے۔ گیا پارلیمانی حلقہ میں 19 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔