کولکاتا: مغربی بنگال کی 9 لوک سبھا سیٹوں پر بھی ووٹنگ جاری ہے۔ مختلف پارلیمانی حلقوں میں لوگ ووٹ ڈالنے کے لیے بڑی تعداد میں پولنگ بوتھ پہنچ رہے ہیں۔اسی درمیان خبر آئی ہے کہ مغربی بنگال میں مشتعل ہجوم نے ای وی ایم مشین کو تالاب میں پھینک دیا ۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کچھ پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کی رپورٹ کے مطابق لوک سبھا انتخابات کے دوران ہفتہ کی صبح مشتعل ہجوم نے مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ کے کلتلی میں بوتھ نمبر 40 اور 41 پر ایک پولنگ بوتھ میں گھس کر ای وی ایم مشین کو تالاب میں پھینک دیا۔
اس سلسلے میں مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفس نے ٹویٹ کیاکہ 'آج صبح 6.40 بجے، 19-جے نگر (ایس سی) پی سی کے 129-کلتلی اے سی میں بینیمادھو پور ایف پی اسکول کے قریب سیکٹر آفیسر کے ریزرو ای وی ایم اور دستاویزات کو مقامی لوگوں نے لوٹ لیا۔ ہجوم اور 1 CU، 1 BU، 2 VVPAT مشینیں تالاب کے اندر پھینک دی گئیں۔
سیکٹر آفیسر نے اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر کے ضروری کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس وقت سیکٹر کے تحت تمام چھ بوتھس پر ووٹنگ کا عمل بلا تعطل جاری ہے۔ سیکٹر آفیسر کو نئی ای وی ایم اور دستاویزات فراہم کر دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ساتویں اور آخری مرحلے میں 8 ریاستوں کی 57 لوک سبھا سیٹوں پر 9 بجے تک 11.31 فیصد ووٹنگ
دریں اثنا، کولکاتا جنوبی حلقہ سے سی پی آئی (ایم) کی امیدوار سائرہ شاہ حلیم نے کولکاتا کے ایک پولنگ بوتھ پر اپنا ووٹ ڈالا۔ ان کا مقابلہ بی جے پی ایم پی کی امیدوار دیباشری چودھری اور ٹی ایم سی کی مالا رائے سے ہے۔