نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کے پی ایچ ڈی کے طالب علم منا خالد کو عالمی پیرا بیڈمنٹن چمپیئن شپ دو ہزار چوبیس کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ عالمی بیڈ منٹن چمپیئن شپ 2024 کا انعقاد 20 فروری سے 25 فروری 2024 تک تھائی لینڈ کے پٹایا میں ہوگا۔ اس چمپیئن شپ میں عالمی ریکنگ کی بنیاد پر کل بتیس کھلاڑی شریک ہوں گے اور منا خالد کو اسی بنیاد پر بیڈ منٹن فیڈریشن نے منتخب کیا ہے۔ دسمبر دو ہزار تیئیس میں منا خالد نے کھیلو انڈیا پیرا گیمز دو ہزار تیس میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ یہ مقابلہ دہلی کے اندرا گاندھی اسٹیڈیم میں منعقد ہوا تھا۔ اسپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا نے اس مقابلے کو پہلی مرتبہ منعقد کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
خالد دہلی کے اکلوتے بیڈ منٹن کھلاڑی ہیں جنھوں نے پیرا بیڈ منٹن میں ریاست دہلی اور ملک کا نام روشن کیا ہے اور اس طرح وہ دہلی سے اکلوتے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہیں عالمی پیرا بیڈمنٹن چمپیئن شپ میں لیا گیا ہے۔ خالد کا خواب ہے کہ وہ آئندہ ایشین گیمز اور پیرا اولمپکس میں تمغے جیتیں اور ملک کا نام روشن کریں۔ خالد سردست جامعہ ملیہ اسلامیہ سے پی ایچ ڈی کررہے ہیں۔ اس سے پہلے وہ جامعہ ملیہ اسلامیہ سے بی ایس سی (آنرز)، ایم ایس ڈبلیو اور شعبۂ ہندی جامعہ ملیہ اسلامیہ سے ہندی میں ایم اے کر چکے ہیں۔