نئی دہلی: مقدس سفر حج 2024 کے لیے اقلیتی امور کی وزارت، حکومت ہند کی طرف سے عازمین حج کے ڈیجیٹل انتخاب کے ٹھیک دو دن بعد آج 31 جنوری کو دہلی حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات میں اقلیتی مسائل اور خاص طور پر حج 2024 سے متعلق مختلف قسم کی تیاریوں سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی بات چیت کی۔
یہ بھی پڑھیں:
دہلی کے مہرولی میں چھ سو سالہ قدیم مسجد کو شہید کردیا گیا
اس موقع پر کوثر جہاں نے بتایا کہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ونے کمار سکسینہ نے اپنی طرف سے یقین دلایا ہے کہ دہلی امبارکیشن پوائنٹ سے حج کے لیے پرواز کرنے والے عازمین حج کو دہلی میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور انہیں تمام مطلوبہ سہولیات مکمل طور پر فراہم کی جائیں گی۔
واضح رہے کہ رواں برس بھارت سے سفر حج کے لیے کل 20 حج امبارکیشن پوائنٹ مقرر کیے گئے ہیں۔ جہاں سے عازمین حج بیت اللہ 2024 کے لیے روانہ ہوں گے۔ اس دوران دہلی سے تقریباً 22 ہزار عازمین سفر حج پر روانہ ہوں گے۔ اس حساب سے دہلی سب سے بڑا امبارکیشن پوائنٹ ہے۔ ایسے میں دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی ان تمام عازمین حج کے بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرنے کی مکمل کوشش کرے گی۔