احمدآباد (گجرات): گجرات حج کمیٹی میں عازمین حج کے فارم بھرے جا رہے ہیں۔ اب تک اس صوبے سے 16 ہزار سے زائد فارم بھرے جا چکے ہیں اور اپیل کی جا رہی ہے کہ زیادہ سے زیادہ لوگ فارم بھریں اور حج پر جانے کی تیاری کریں۔ اس تعلق سے گجرات حج کمیٹی کے چیئرمین اقبال سید نے کہا کہ گجرات حج کمیٹی اور سینٹرل حج کمیٹی نے حج پر جانے والے عازمین کو کسی طرح کی تکلیف نہ ہو اس کے لیے قبل از وقت تیاری شروع کر دی ہے۔
اس سال بھارت سے 1لاکھ 22 ہزار 500 کو حج کا کوٹہ ملا ہے اور گجرات سے سب سے زیادہ فارم بھرے گئے ہیں۔ ابھی تک یہاں سے تقریباً 16500 فارم بھرے جا چکے ہیں۔ حج کے فارم بھرنے کی تاریخ بھی بڑھا دی گئی ہے اور اب یہ تاریخ 23 ستمبر تک کردی گئی ہے۔
چیئرمین اقبال سید نے کہا کہ امید کی جارہی ہے کہ 18 ہزار سے زائد فارم گجرات سے بھرے جائیں گے۔ گزشتہ سال 15 ہزار سے زائد عازمین، گجرات سے سفر حج کے لیے گئے تھے اور اس سال اس سے زیادہ عازمین سفر حج پر جائیں ہم ایسی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حج کمیٹی کی طرف سے ایک سرکلر جاری ہوا تھا کہ اب سفر حج کے دوران مرد اور عورت ایک ساتھ نہیں رہ پائیں گے۔ اس تعلق سے لوگوں میں کافی الجھن ہے اور غلط فہمیاں بھی۔ اس لیے ہم نے نئی دہلی میں بھی اس تعلق سے بات کی اور سینٹرل حج کمیٹی میں اس سلسلے میں اپنی تجویز رکھی ہے۔ اس میں خاص طور سے 65 سال سے زیادہ عمر والے حاجی اور حجیانی کو ایک ہی کمرے میں رہنے کی سہولیت دی گئی ہے، لیکن اس سے کم عمر والے عازمین کو الگ کمرے میں رہنا ہوگا حالانکہ بلڈنگ ایک ہی رہے گی فلور بھی ایک ہی رہے گا لیکن ان کے کمرے الگ۔ الگ رہیں گے۔
اس دوران مرد عورت کے کمرے میں نہیں جا سکتا اور عورتیں مردوں کے کمرے میں نہیں جا سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ مرد و عورت پورا دن ساتھ میں گھوم سکتے ہیں اور ہال میں ریسیپشن میں بیٹھ سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
گجرات حج کمیٹی کے رکن نائب قاضی نے اس تعلق سے کہا کہ گزشتہ سال حاجیوں کو کافی دشواریوں کا سامنا رہا لیکن اس سال کسی طرح کی دقت نہ ہو اس کی لیے تمام طرح کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ گجرات حج کمیٹی نے بھی حجاج کرام اور فل ٹرینرز کو تمام طرح کی ٹریننگ دینے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
اس سال اہم بات یہ رہے گی کہ سعودی کی زبان عربی کو بھی سکھانے کا انتظام کیا جائے گا تاکہ وہاں جانے کے بعد کسی بھی طرح سے بات چیت کرنے میں کوئی دقت نہ ہو اور حاجیوں کو کوئی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کے لیے گجرات حج کمیٹی میں ٹریننگ بھی دی جائے گی۔