لکھنو : غزوۂ ہند کی بحث اور اس سلسلے میں دارالعلوم دیوبند کے خلاف قانونی کاروائی پر آج مولانا سید کلب جواد نقوی نے حسینیہ غفران مآب واقع چوک لکھنؤ میں پریس کانفرنس کا انعقاد کرکے مسئلے کی وضاحت کی ۔مولانانے کہاکہ غزوۂ ہند کی حدیث اہل سنت والجماعت کی کتابوں میں موجود ہے جس کے بارے میں انہیں وضاحت کرناچاہیے تاکہ نوجوان نسل گمراہ نہ ہو۔ مولانا نے کہاکہ غزوۂ ہند کے بارے میں مختلف نظریات ہیں، بعض کہتے ہیں کہ غزوہ ہند ہوچکاہے اور بعض کہتے ہیں کہ جب حضرت عیسیٰ ظہور کریں گے تب غزوۂ ہند ہوگا۔ جب بھی کسی بادشاہ نے ہندوستان پر حملہ کیا اس وقت بھی اس حملے کو غزوۂ ہند سے تعبیر کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ حتیٰ کہ محمد بن قاسم کے حملے کے بارے میں بھی کہاجاتاہے کہ وہ غزوۂ ہند تھا۔لیکن حدیث پیغمبرؐ سے یہ معلوم ہوتاہے کہ جب حضرت عیسیٰ ؑ ظہور کریں گے اس وقت جو ان کے ساتھ جنگ میں شامل ہوگااس پر جہنم حرام ہوگا۔لہذا یہ حدیث موجودہ زمانے کے بارے میں نہیں ہے بلکہ اس وقت کے لئے ہے جب حضرت امام مہدیؑ اور حضرت عیسیٰ کا ظہور ہوگا۔لہذا یہ کیسے کہاجاسکتاہے کہ غزوہ ہند موجودہ زمانے کے لئے ہے ؟اس لئے علما کو اس کی وضاحت کرنا چاہیے تاکہ نوجوان نسل گمراہ نہ ہو۔
مولانا نے کہاکہ موجودہ زمانے میں ہندوستان ایک بڑی طاقت ہے ۔کس ملک میں یہ ہمت ہے کہ وہ ہندوستان کی طرف آنکھ اٹھاکر دیکھ سکے ؟خاص طورپر عرب ملک جو فلسطین میں عربوں کے قتل پر خاموش ہیں وہ ہندوستان کیا وہ ہندوستان کے ساتھ جنگ کے بارے میں سوچ بھی سکتے ہیں؟ لہذا غزوۂ ہند کا مسئلہ بہت غلط وقت پر سامنے آیاہے جس کی وضاحت بے حد ضروری ہے تاکہ اس بے فائدہ بحث کا خاتمہ ہوسکے۔