گیا :بہار میں گیا پولیس نے شیر گھاٹی ڈکیتی معاملے کا انکشاف کر دیا ہے۔ اس معاملے میں دلشاد قریشی، شمسیر قریشی اور محمد شاداب قریشی کو گرفتار کیا ہے۔ ان کے پاس سے ڈکیتی کی واردات کو انجام دینے میں استعمال کی گئی موٹر سائیکل، لوٹی گئی رقم میں 86 ہزار روپے اور تین موبائل فون بھی برآمد کیےہیں۔ پولیس کو یہ کامیابی واردات کے پانچ دنوں کے اندر ملی ہے۔ بدمعاشوں کے ذریعے گزشتہ جمعہ کو دن کے اجالے میں ایک دکان اور مکان میں اسلحہ کی زد پر اہل خانہ کو رکھ کر کے ڈکیتی کی واردات انجام دی گئی تھی۔ اس ڈکیتی کے بعد شیر گھاٹی اور ضلع میں پولیس کے خلاف ناراضگی پیدا ہونی شروع ہو گئی تھی۔
شیر گھاٹی میں ایک بڑا جلوس بھی احتجاج میں نکالا گیا تھا۔ واردات کے دن ہی پولیس کی جانب سے بدمعاشوں کا فوٹیج جاری کیا گیا تھا اور لوگوں سے ان کی پہچان کرنے میں مدد کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔ اس واردات کے بعد ایس ایس پی آشیش بھارتی کی طرف سے بدمعاشوں کی گرفتاری اور پورے معاملے کے انکشاف کے لیے پولیس کی ایک خصوصی ٹیم بھی تشکیل دی گئی تھی۔ تینوں بدمعاشوں کی گرفتاری کے بعد جمعرات کی شام ایس ایس پی اشیش بھارتی نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرکے بتایا کہ شیر گھاٹی لوٹ معاملے میں ان کی جانب سے سب ڈویژن پولیس افسر شیرگاٹی ون کی قیادت میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔
خود انہوں نے جائے واردات پر پہنچ کر جائزہ لیا تھا اور پولیس کی خصوصی ٹیم کو چھاپے ماری کر بدمعاشوں کی گرفتاری کی خاص ہدایت دی تھی۔ اسی دوران تشکیل شدہ ٹیم کو اطلاع ملی کہ اس واردات میں شامل بدمعاش ہنٹر گنج تھانہ کے تحت نوا ڈیہ میں چھپے ہوئے ہیں۔ جس کے بعد پولیس کی ٹیم کے ذریعے ہنٹر گنج تھانہ کے تحت نواڈیہ بازار پہنچ کر چھاپے ماری کی گئی ۔ تبھی چھاپے ماری کے دوران ایک موٹر سائیکل پر سوار دو شخص پولیس کو دیکھ کر بھاگنے کی کوشش کرنے لگے۔ جنہیں پولیس کے جوانوں نے تعاقب کر انہیں پکڑا۔ ٹیم نے پکڑے گئے لوگوں سے نام اور جب پتہ پوچھا تو ان میں ایک نے دلشاد قریشی ابن شمیم قریشی گاؤں ناوا ڈیہ تھانہ ہنٹرگنج ضلع چترا اور دوسرا محمد صدام قریشی ابن شاکر قریشی کنڈی تھانہ بانکے بازار ضلع گیا بتایا۔
یہ بھی پڑھیں: گیا: وقف ترمیمی بل مسلمانوں کی شریعت اور وجود کے خلاف ہے - Waqf Amendment Bill 2024 is
پکڑے گئے دونوں لوگوں کی جب تلاشی لی گئی تو ان کے پاس سے لو ٹ کی رقم میں 86 ہزار روپے اور دو موبائل فون برامد ہوا۔ برآمد موٹرسائیکل کے بارے میں پوچھ تاچھ میں بتایا گیا کہ اس موٹر سائیکل سے ہی لوٹ کی واردات کو انجام دیا گیا تھا اور موٹر سائیکل جس کا استعمال لوٹ کی واردات میں ہی کیا گیاتھا اس کو شمشیر قریشی کے گھر میں رکھا گیا ہے۔ ان دونوں کی نشاندہی پر پولیس نے شمشیر قریشی کے گھر پر چھاپے ماری کی جہاں سے ایک موبائل اور لوٹ میں استعمال کی گئی موٹر سائیکل کو برآمد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار کیے گئے بدمعاشوں کے مجرمانہ ریکارڈ کی تلاشی لی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی ان بدمعاشوں کو گرفتار کرنے والی ٹیم میں شامل پولیس افسران اور جوانوں کو انعام و اکرام سے بھی نوازا جائے گا۔