ممبئی: بحر عرب میں انٹیلی جنس رپورٹس پر انڈین کوسٹ گارڈ کے ذریعہ مہاراشٹر کے ساحل پر ملہار نامی ماہی گیری کے لیے استعمال ہونے والی بوٹ اور اس کے عملہ کے 05 ارکان کے ذریعہ غیر قانونی ڈیزل کی اسمگلنگ کے شک میں کارروائی کی گئی ہے۔ اس آپریشن کے بعد تقریباً 25 ٹن ڈیزل برآمد ہوا۔ جس کی مالیت بھارتی بازار میں تقریباً 27 لاکھ روپے ہے۔ جو کہ بوٹ میں مچھلیاں رکھنے کی جگہ چھپایا گیا تھا۔ ڈیزل کے ساتھ ساتھ ممنوعہ نشہ آور اشیاء بھی تھوڑی مقدار میں برآمد ہوئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
پکڑے گئے جہاز کے ساتھ ساتھ اس کے عملہ کو کارروائی کے لیے ممبئی بندرگاہ پر لایا گیا ہے۔ جنہیں مزید تفتیش کے لیے محکمۂ پولیس، کسٹمز اور فشریز کے حوالہ کر دیا گیا۔ عملہ نے انکشاف کیا کہ وہ پہلے ہی سمندر میں ایل ای ڈی ماہی گیروں کو 5000 لیٹر ایندھن فروخت کر چکے ہیں اور انڈین کوسٹ گارڈ کی طرف سے روکے جانے سے قبل باقی ڈیزل دوسرے ماہی گیروں کو فروخت کرنے والے تھے۔
واضح رہے کہ ایک ہفتہ میں آئی سی جی کے ذریعہ بحر عرب میں مسلسل کارروائیاں جاری ہیں۔ گزشتہ 3 دنوں میں کل 55000 لیٹر ڈیزل ضبط کر کے ممبئی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ تفتیش میں پتہ چلا ہے کہ یہ کشتی انور مدار کے نام سے رجسٹر ہے۔ انور مدار، آئل مافیا چاند مدار کا بھائی ہے۔ چاند مدار کا سن 2009 میں قتل کردیا گیا تھا۔ اس قتل کے الزام میں آئل مافیا محمد علی شیخ کو گرفتار کیا گیا تھا۔ بعد میں شیخ کی موت ہو گئی۔