ممبئی: مہاراشٹرا کے ممبئی گھاٹ کوپر ہورڈنگ بورڈ حادثہ میں ورلی علاقہ کے 45 برس کے بشیر احمد شیخ کی موت ہوگئی۔ بشیر اپنے خاندان کے واحد فرد تھے جن کی وجہ سے اُنکے اہل خانہ کا گزر بسر ہوتا تھا۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ 22 برس کی دختر مسکان ہے۔ بشیر کا ممبئی میں اپنا کوئی ذاتی گھر نہیں ہے وہ کرایہ کے مکان میں رہ رہے تھے۔ اہل خانہ نے حکومت سے مدد کا مطالبہ کیا۔
ممبئی کے گھاٹ کوپر علاقے میں ہورڈنگ بورڈ حادثے میں ممبئی کے ورلی علاقے میں رہنے والے 45 برس کے بشیر احمد شیخ گزشتہ 22 سالوں سے ممبئی میں ٹیکسی چلا کر اپنے خاندان کی کفالت کرتے تھے۔ گھاٹکوپر ہورڈنگ بورڈ حادثہ سے کچھ دیر پہلے بشیر احمد شیخ اپنی ٹیکسی میں سی این جی بھرانے پٹرول پمپ پر گئے تھے اور اسی دوران پٹرول پمپ پر یہ حادثہ پیش آیا۔ بورڈنگ کو زد میں کئی لوگوں کے ساتھ بشیر بھی آگئے۔ اُنہوں یہاں سے خود کی جان بچانے کی جدوجہد کی لیکن موت کے منہ میں چلے گئے۔
ممبئی میں طوفانی بارش کے سبب اس پیٹرول پمپ پر ہورڈنگ گر جانے کی وجہ سے 14 لوگوں کی موت ہوگئ جبکہ 74 لوگ زخمی ہوگئے۔۔جائے واردات کا جائزہ وزیر اعلٰی اور نائب وزیر اعلیٰ نے لیا ۔ہورڈنگ غیر قانونی تھی اسلئے ممبئی پولیس نے ایف آئی آر درج کی ہے۔۔اور اسکی تفتیش جاری ہے۔