احمدآباد: جماعت اسلامی ہند گجرات نے عید الضحی کے موقع پر صاف صفائی کا مکمل خیال رکھا جائے اس کے لئے صفائی مہم کی شروعات کی ہے۔ اس پر جماعت اسلامی ہند گجرات کے صدر ڈاکٹر سلیم پٹی والا سے ای ٹی وی بھارت نمائندہ روشن آراء نے خصوصی گفتگو کی۔ اس تعلق سے جماعت اسلامی ہند گجرات کے صدر ڈاکٹر سلیم پٹی والا نے کہا کہ اسلام میں صفائی صرف جسمانی صفائی تک محدود نہیں ہے بلکہ یہ روحانی تزکیہ کا ایک اہم حصہ ہے۔ ذاتی حفظان صحت سے لے کر صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے تک، اسلام زندگی کے ہر پہلو میں صفائی کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قربانی اللہ کے نبی کی سنت ہے۔ اس تہوار کی طرح تزکیہ نفس بھی سنت نبوی ہے۔ بعض مقامات پر دیکھا گیا ہے کہ اس دن لوگ قربانی کا فضلہ دہلیز، گلیوں یا سڑکوں پر پھینک دیتے ہیں۔ جس کی وجہ سے اردگرد کے ماحول میں بدبو آتی ہے اور لوگوں کا وہاں سے گزرنا مشکل ہو جاتا ہے۔ نیز ہمارا منفی امیج بھی بنتا ہے۔ اس لیے اس کی تلفی کے لیے مناسب انتظامات کیے جائیں۔ اسلام میں صفائی صرف انفرادی ذمہ داری نہیں بلکہ اجتماعی ذمہ داری بھی ہے۔ عوامی مقامات جیسے مساجد،گلیوں اور محلوں کو صاف رکھنے پر کمیونٹی کے ہر فرد پر زور دیا جانا چاہیے۔ انسانی فطرت اسے پسند کرتی ہے"۔
انہوں نےمزید کپا کہ جماعت اسلامی ہند احمد آباد سٹی کی جانب سے 9 تا 16 جون 2024 تک صفائی مہم چلائی جائے گی اور اس کے بعد عیدالاضحیٰ کے موقع پر 17 سے 20 جون تک خصوصی صفائی مہم چلائی جائےگی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "صفائی آدھا ایمان ہے۔" (مسلم شریف)
- صاف صفائی انسانی فطرت کا حصّہ ہے۔
- صفائی اخلاقی اور روحانی ترقی کے لیے ضروری ہے۔
- جسم کی صحت کے لیے صفائی ضروری ہے۔
- صفائی ماحول کو خوشگوار بناتی ہے۔
- صفائی ٹی بی، ملیریا، فلو، جلد اور سانس کے مسائل سے بچاتی ہے۔
- صفائی جراثیم، بیکٹیریا، وائرس کے انفیکشن یا پھیلنے سے روکتی ہے۔
- اسلام میں نہ صرف جسم کو صاف ستھرا رکھنے کی تعلیم دی گئی ہے بلکہ ماحول کو بھی صاف ستھرا رکھنے کی تعلیم دی گئی ہے۔
- ہم جسم کی مناسب صفائی کا تصور رکھیں گے۔
- اپنے گھر اور محلے کو صاف رکھیں۔
- کوڑے کرکٹ یا کوڑیدان کا استعمال کریں گے۔
- اپنے بچوں کو خود مختار ہونا سکھائیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مہم پر گجرات میں چلائی جا رہی ہے اور ہم جگہ جگہ محلوں میں اس کے بیداری لانے کے لیے پروگرامز کر رہے ہیں۔ بینرز پوسٹرز اور دیگر طریقوں سے لوگوں میں بیداری پیدا کر رہے ہیں۔ اور پلاسٹک بیگ بھی تقسیم کر رہے ہیں کارپوریشن کی بھی ہمیں مدد مل رہی ہے۔