گیا: بہار میں آج بارش کے دوران بھی پوری عقیدت اور احترام کے ساتھ جلوس محمدی کا اہتمام تزک و احتشام کے ساتھ ہوا۔ ضلع بھر میں عقیدت کے ساتھ عید میلادالنبی منائی گئی، شہر گیا میں مختلف محلوں سے ہوتے ہوئے ایک عظیم الشان جلوس محمدی نکالا گیا۔ جس کی قیادت غلامان مصطفی کمیٹی کے سربراہ اور خانقاہ منعمیہ کے ناظم حضرت سید شاہ عطاء فیصل نے کی۔
شہر گیا میں واقع اقبال نگر مسجد کے قریب سے مرکزی جلوس کی شروعات ہوئی، جو کہ پنچایتی اکھاڑا، کوتوالی تھانہ چھتہ مسجد، نادرہ گنج ہوتے ہوئے خانقاہ کے پاس پہنچ کر اختتام ہوا۔ یہاں جلوس میں شامل افراد خانقاہ میں موئے مبارک صلی اللہ تعالی علیہ وسلم اور دیگر تبرکات کی زیارت کے بعد اپنے گھروں کو واپس ہوئے۔ چونکہ اس بار پتر پکش میلہ سترہ ستمبر منگل سےشروع ہوگا اور آج سولہ ستمبر کو جلوس محمدی نکالے گئے ہیں۔
اس کے پیش نظر ضلع انتظامیہ اور ضلع پولیس بھی حساس نظر آئی، پورے شہر میں حفاظتی انتظامات پختہ ہیں۔ جگہ جگہ پر پولیس فورس کی تعیناتی تھی، پولیس کے اعلی افسران خود ہی سڑکوں پر گشت کرتے نظر آئے۔ وہیں اس موقع پر جلوس کی قیادت کر رہے سید شاہ عطا فیصل نے کہا کہ پرامن ماحول میں جلوس کا اختتام ہوتا ہے۔ کیونکہ اس جلوس کی خصوصیت الگ ہے، اس میں کسی طرح کے بھی سامان جیسے لاٹھی، ڈنٹے وغیرہ بھی لے کر نہیں چلا جاتا ہے بلکہ اس میں شامل افراد مہذب ہوکر نعت نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور درود و سلام کا ورد کرتے ہوئے چلتے ہیں۔
سید شاہ فضیل احمد نے بتایا کہ خانقاہ میں 12 ربیع الاول شریف کے موقع پر موئے مبارک صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کے ساتھ دیگر تبرکات کی زیارت ہوتی ہے اور یہ روایت برسوں قدیم ہے۔ خانقاہ کے سجادہ نشیں حضرت مولانا سید شاہ صباح الدین منعمی زیارت کرتے ہیں، بعد نماز ظہر خواتین کو پردے کے اہتمام کے ساتھ زیارت کرائی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج خانقاہ کی جانب سے یہی پیغام دیا جاتا ہے کہ نبی رحمت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم پوری انسانیت کے لیے رحمت بن کر آئے تھے، بے چینی کے دور میں آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے چین اور امن قائم کیا، آپسی بھائی چارگی کا انسانیت کا پیغام دیا، ہم آج آقا صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے پیغام کو اپنا کر دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کریں۔ وہیں دیر شام تک خانقاہ میں عید میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام رہا، سبھی تقریبات کا اختتام سجادہ نشیں حضرت مولانا سید شاہ صباح الدین منعمی کی رقت آمیز دعا پر ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:
ملک بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے عید میلاد النبی