ممبئی: مہاراشٹرا میں بی جے پی نے انتہائی ناقص مظاہرہ کیا ہے۔ لوک سبھا انتخابات کے نتائج کے بعد بی جے پی کے سینئر رہنما اور نائب وزیراعلیٰ دیویندر فڈنوس نے ریاست میں لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کی مایوس کن کارکردگی کی ذمہ داری اپنے سر لے لی ہے۔ انہوں نے اعلیٰ قیادت سے نائب وزیراعلیٰ کے عہدہ سے مستعفی ہونے کی پیشکش کردی۔
2019 انتخابات میں بی جے پی نے مہاراشٹر میں 23 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی تھی تاہم اس بار صرف 9 پر پارٹی نے جیت درج کی ہے۔ فڈنویس کو ریاستی بی جے پی میں قدآور لیڈر کی حیثیت حاصل ہے، اسی لئے انہوں نے انتخابی ہار کی ذمہ داری اپنے سر لے لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے تنظیمی سطح پر کام کرنا چاہتا ہوں۔ میں اپنا پورا وقت تنظیم کو مضبوط کرنے کے لیے وقف کرنا چاہتا ہوں۔ میں اپنی مرکزی قیادت سے درخواست کرنے جارہا ہوں کہ مجھے ریاستی حکومت میں عہدہ کی ذمہ داری سے آزاد کیا جائے‘۔
واضح رہے کہ دیویندر فڈنویس نے آج بی جے پی رہنماؤں کے ساتھ لوک سبھا کے نتائج پر جائزہ اجلاس منعقد کیا تھا جس میں انتخابات میں پارٹی کی مایوس کن کارکردگی پر غور و خوص کیا گیا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیویندر فڈنویس نے کہا کہ انہوں نے بی جے پی قیادت سے انہیں نائب وزیراعلیٰ کے عہدہ کی ذمہ داری سے آزاد کرنے کی خواہش کی ہے۔