حیدرآباد: انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور آئی ٹی حکام نے جمعہ کو دہلی ایکسائز پالیسی اسکام کے سلسلے میں تلنگانہ کے حیدرآباد کے بنجارہ ہلز میں واقع بی آر ایس لیڈر کے کویتا کی رہائش گاہ پر مشترکہ تلاشی لی۔ تلاشی کے بعد ای ڈی نے کویتا کو گرفتار کرلیا اور پوچھ گچھ کے لیے دہلی لے جایا گیا۔ بی آر ایس کے سپریمو اور تلنگانہ کے سابق وزیر اعلی کے چندرشیکھر راؤ کی بیٹی کویتا کی گرفتاری کے بعد بی آر ایس کارکنوں اور ان کے حامیوں نے رہائش گاہ کے باہر زبردست احتجاج کیا۔ انہوں نے بی جے پی زیر قیادت مرکزی حکومت اور ای ڈی کے خلاف نعرے لگائے۔ اس موقع پر کشیدگی دیکھی گئی۔
ای ڈی کے جوائنٹ ڈائرکٹر کی نگرانی میں آٹھ افسران کی ایک ٹیم بشمول آئی ٹی عہدیداروں نے جمعہ کی سہ پہر مشترکہ طور پر کے کویتا کے گھر کی تلاشی لی۔ اس دوران کسی بھی کو بھی گھر کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ تاہم گرفتاری کی اطلاع ملنے پر سابق وزراء کے ٹی راما راؤ اور ہریش راؤ بھی کویتا کے گھر پہنچ گئے۔ انہوں نے ای ڈی حکام کے رویہ کے خلاف ناراضگی کا اظہار کیا۔
وہیں بی آر ایس لیگل سیل کی جنرل سکریٹری سوما بھرت نے کہا کہ ای ڈی نے یہ واضح نہیں کیا کہ کویتا کو کیوں گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ سپریم کورٹ میں کیس زیر التوا ہے، انتخابات سے قبل گرفتاریاں کیوں کی جارہی ہیں۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 فروری 2024 کو دہلی ایکسائز پالیسی اسکام کے سلسلے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی طرف سے درج کرائے گئے منی لانڈرنگ کیس میں کویتا کو کسی بھی سخت کارروائی سے دیئے گئے تحفظ کو 13 مارچ تک بڑھا دیا تھا۔ جبکہ 5 فروری کو ای ڈی نے سپریم کورٹ کو بتایا تھا کہ کویتا سمن سے گریز کر رہی ہیں اور دہلی ایکسائز پالیسی معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے ایجنسی کے سامنے حاضر نہیں ہو رہی ہیں۔