بھاگلپور: الحاج ذاکر حسین مرحوم کی تعزیتی نشست میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت ان کے رفاہی کاموں کو جاری رکھنے کا عزم کیا۔ ریاست بہار کے بھاگلپور شہر کی معروف شخصیت اور سماجی کاموں میں دلچسپی رکھنے والے، غریبوں، بے سہاروں کو چھپا کر مدد کر نے والے الحاج ذاکر حسین مرحوم سابق برانچ منیجر ایس بی آئی کے انتقال پر آج بھیکن پور میں ان کی رہائش گاہ پر بھاگلپورنشست اور دعاء مغفرت کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر شاہد رضا جمال نے اپنے ساتھ بیس سال کے دیرینہ مراسم کا ذکر کیا اور ان کے سماجی کاموں کا ذکر کیا، انہوں نے علاقہ کے تعلیمی شعبہ سے جڑے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ان کے نام پر ہر سال ایوارڈ اور تعاون کر نے کا اعلان کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
گریمی ایوارڈ ذاکر حسین اور شنکر مہادیون کے البم 'دِز مومنٹ' کے نام
اس موقع پر سابق آر ڈی ڈی محمد ممشاد نے کہا کہ وہ ہمارے صرف ہم زلف ہی نہیں تھے بلکہ وہ بڑے بھائی کا ایسا کردار نبھایا جس کو بھول نہیں سکتے ہیں، انہوں نے ان کے نام پر ایمبولینس کا نظم کر نے کا اعلان کیا تاکہ یہاں کے ضرورت مندوں کو بر وقت کام آسکے۔ سابق بینک منیجر شبیر احمد نے کہا کہ ذاکر حسین ایسے فرد تھے جنہوں نے ایسے ایسے لوگوں کو اپنے جیب خاص سے رقم دے کر خود کفیل بنایا، کئی شرابیوں کے گھروں کو آباد ہی نہیں کیا بلکہ ان کی کفالت کر کے انہیں راہ راست لایا اور ان کے بچوں کو دینی تعلیم دے کر اپنی سماجی ذمہ داری کو نبھایا۔
اس موقع پر ڈاکٹرحبیب مر شد خان نے کہا کہ انہوں نے جو خدمات انجام دی ہے۔ اس سلسلے کو جاری رکھنے کی کو شش کی جائے۔ اس موقع پر مرحوم کے چھوٹے صاحبزادے احمد فراز نے کہا کہ والد مرحوم جہاں ایک طرف اچھے بیٹے، اچھے بھائی کا کردار نبھایا وہیں انہوں نے مشفق باپ کا کردار نبھایا اور ہم لوگوں کی اچھی تربیت کی۔ انہوں نے تعلیم، صحت اور غریبوں کی مدد کا جو مشن شروع کیا گیا وہ کسی بھی حال میں جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہومیو کلینک سے جس طرح والد مرحوم نے غریبوں، ضرورت مندوں اور بے سہاروں مفت میں علاج و معالجہ کا کام کیا وہ ہر طرح سے جاری رہے گا۔ اس میں کوئی کمی نہیں کی جا ئے گی اور جو مکاتب انہوں نے شروع کیے جس میں دینی اور عصری تعلیم دی جا رہی ہے اس کو بند نہیں کیا جا ئے گا۔ میں اپنے والد کے دینی کاموں کو بند نہیں ہو نے دوں گا۔ اس موقع پر اسعد اقبال رومی، سجاد عالم ندوی، احسان الحق عزمی، فیاض احمد، بلال احمد سمیت کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت اور ان کی بلندئ درجات اور مغفرت کے لیے دعائیں کیں۔