نئی دہلی: موجودہ دور میں جہاں لوگ زیادہ سے زیادہ منافع کمانا چاہتے ہیں وہیں کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو ضرورت مندوں کے لیے 50 فیصد تک کم رقم کے ذریعے مدد کر رہے ہیں۔ ہم بات کر رہے ہیں قومی دارالحکومت دہلی کے لاجپت نگر 2 کے جی بلاک 35 میں واقع چنار ریسٹورنٹ کے مالکان کی۔
کشمیری نوجوانوں کا دہلی میں چنار ریسٹورنٹ پیسہ کمانے کے ساتھ مدد بھی کر رہا ہے (ETV Bharat)
دراصل اس ریسٹورنٹ کے مالکان کا تعلق جموں و کشمیر سے ہے۔ وہ ان تمام لوگوں کو 50 فیصد کی رعایت فراہم کر رہے ہیں، جو دہلی میں اپنا علاج کرانے آئے ہیں یا پھر کسی مجبوری کے سبب دہلی میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں اور پیسے کی قلت کی وجہ سے اپنے اخراجات مکمل نہیں کر پا رہے ہیں انہیں یہ نوجوان رہائش سمیت کھانے میں بھی 50 فیصد کی رعایت فراہم کر رہے ہیں۔
کشمیری نوجوانوں کا دہلی میں چنار ریسٹورنٹ پیسہ کمانے کے ساتھ مدد بھی کر رہا ہے (etv bharat) ان کا مقصد ہے کہ وہ بغیر کسی نام و نمائش کی ضرورت مندوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ ریسٹورنٹ مالکان میں سے ایک نوجوان نے نمائندے سے بات کرتے ہوئے بتایا کچھ وقت پہلے ان کا بھائی دہلی کے رام منوہر لوہیا میں زیر علاج تھا۔ اس دوران روزآنہ کا خرچ لاکھوں میں ہوا کرتا تھا۔ چونکہ وہ ایک مڈل کلاس سے تعلق رکھتے تھے اس لیے ان کے لیے بھی تمام اخراجات کا برداشت کرپانا ممکن نہیں تھا۔ حالانکہ انہوں نے اپنی تمام کوششیں کی لیکن اس کے باوجود وہ اپنے بھائی کو بچانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ اسی کے بعد انہوں نے یہ عزم کیا وہ ایسا کسی دوسرے کے ساتھ نہیں ہونے دیں گے۔ ریسٹورنٹ مالکان نے واضح طور پر اپنی شناخت ظاہر کرنے سے منع کردیا تھا۔ اسی لیے جب ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے بات کی تو انہوں نے کیمرے کے سامنے آنے سے صاف انکار کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد مدد کرنا ہے اپنی تشہیر کرانا بالکل نہیں ہیں۔ ان کے مطابق وہ دہلی میں علاج کے لیے آنے والے کشمیری لوگوں کو رہائش فراہم کرنے کا کام گذشتہ 8 برسوں سے کر رہے ہیں۔ تاہم اب ریسٹورنٹ کے ذریعے ان کی بھوک مٹانے اور انہیں گھر جیسا ذائقہ فراہم کرنے کے لیے لاجپت نگر میں چنار ریسٹورنٹ کی شروعات کی ہے۔
مزید پڑھیں: صحت مند جسم کے لیے دن میں کتنی بار کھانا چاہیے؟ جان کر آپ حیران رہ جائیں گے - Meal Time Table
چنار ریسٹورنٹ کے خانسامہ نے بتایا کہ ریسٹورنٹ میں تیار ہونے والی تمام ڈشز کو کشمیری مصالحوں کے ذریعے تیار کیا جاتا ہے اور جو ذائقہ کشمیر میں رہتے ہوئے اپنے گھروں میں پیش کرتے ہیں وہی ذائقہ وہ دہلی میں اپنے ریسٹورنٹ کے ذریعے عوام کے درمیان پروس رہے ہیں۔ تاکہ کشمیر کے اصل ذائقے کو عوام تک پہنچایا جا سکے۔