نئی دہلی: بی آر ایس کی رہنما کویتا نے دہلی شراب پالیسی منی لانڈرنگ کیس میں سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ کویتا نے سپریم کورٹ میں ایک آن لائن عرضی دائر کی ہے جس میں ای ڈی کے ذریعہ اپنی گرفتاری کو چیلنج کیا گیا ہے۔ سپریم کورٹ کے سامنے اپنی درخواست میں کویتا نے اپنی گرفتاری کو 'غیر قانونی' قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں اس وقت گرفتار کیا گیا جب معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت تھا۔ قبل ازیں سماعت کے دوران ای ڈی حکام نے عدالت سے کہا تھا کہ سمن جاری نہیں کیا جائے گا ۔انہیں گرفتار نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے استدعا کی کہ توہین عدالت کی بنیاد پر تفتیشی ایجنسی کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے۔
کویتا نے کہاکہ جب معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے تو اس بنیاد پر ان کی گرفتاری کیسے ممکن ہو سکتی ہے۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو اس گرفتاری کو لے کر وضاحت دینی چاہئے۔اس لئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ ان کی گرفتاری غیر قانونی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دہلی ایکسائز پالیسی گھوٹالہ: ای ڈی نے کے کویتا کو راؤز ایونیو کورٹ میں پیش کیا
تلنگانہ کے سابق وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کی بیٹی کویتا کو 15 مارچ کو حیدرآباد سے گرفتار کرکے دہلی لایا گیا تھا۔ ای ڈی نے دعویٰ کیا تھا کہ کے کویتا شراب کے تاجروں کی 'ساؤتھ گروپ' لابی سے جڑی ہوئی تھی۔