نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال نے جمعہ کو کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اقتدار کے گھمنڈ میں ان کے شوہر کو گرفتار کرایا، جو یہاں کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ ہے دہلی کے لوگوں کے نام ایک پیغام میں سنیتا کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر کہاکہ 'مودی جی نے آپ کے تین بار منتخب وزیر اعلیٰ کو طاقت کے گھمنڈ میں گرفتار کرایا، وہ سب کو کچلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ دہلی کے لوگوں کے ساتھ دھوکہ ہے، عام آدمی پارٹی کے وزیر اعلیٰ ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ اندر ہو یا باہر، ان کی زندگی ملک کے لیے وقف ہے۔ عوام سب کچھ جانتی ہے کہ وہ جناردن ہیں۔ جے ہند۔
واضح رہے کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو دہلی کی شراب پالیسی میں مبینہ گھوٹالے سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں جمعہ کو مرکزی تفتیشی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی چھ دن کی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ راؤس ایونیو میں واقع کاویری باویجا کی خصوصی عدالت نے کیجریوال کو گرفتار کرنے والی ای ڈی کی 10 دن کی تحویل کی مانگ والی درخواست پر متعلقہ فریقوں کے دلائل سننے کے بعد 28 مارچ تک تحویل میں بھیجنے سے متعلق حکم منظور کیا۔ کیجریوال کی جانب سے عدالت میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں ان سے ای ڈی کی تحویل کے مطالبے کو مسترد کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔
یو این آئی