اورنگ آباد: اورنگ آبادمیونسپل کارپوریشن کی جانب سے پُرانے شہر کی 47 عمارتوں کو خطرناک قرار دیتے ہوئے مالکان کو اپنے طور پر عمارتیں گرانے کی نوٹس جاری کی گئی۔ نوٹس جاری کرنے کے تین دن تک عمارتیں منہدم نہ کرنے کی صورت میں انہیں کارپوریشن کی جانب سے منہدم کر دیا جائے گا اور اس کا معاوضہ مالکان سے وصول کیا جائیگا۔ اورنگ آبادمیونسپل کارپوریشن نے مانسون کے پیش نظر شہر میں خطرناک عمارتوں کا سروے مکمل کر لیا ہے۔
شہر بھر میں مجموعی طور پر 47 عمارتیں خستہ حال ہیں اور اگر یہ مانسون کے دوران گر گئیں تو شہریوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو جائیں گے۔ اس کے لیے میونسپلٹی نے ان عمارتوں کے مالکان کو اپنے طور پر گرانے کے نوٹس جاری کیے ہیں۔ نوٹس جاری کرنے کے بعد تین دن میں شہریوں نے خود عمارتیں منہدم نہیں کیں تو انہیں کارپوریشن انتظامیہ منہدم کر دے گا، اور اس کا معاوضہ مالکان سے وصول کیا جائیگا۔ ہر سال مانسون کے پس منظر میں خطرناک پرانی تعمیراتی عمارتوں کا معاملہ زیر بحث آتا ہے۔ لیکن کارپوریشن صرف نوٹس جاری کرنے کی رسمی کارروائی کرتی ہے۔
اس سال تاہم چونکہ بارش کا موسم زیادہ ہونے کی امید ہے، ایڈمنسٹریٹر جی سریکانت نے پرانی خطر ناک عمارتوں کا سروے کرنے اور انہیں گرانے کی کارروائی کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس کے مطابق میونسپلٹی کے تجاوزات ہٹانے والے محکمہ نے ایڈیشنل کمشنر سنتوش واہولے کی رہنمائی میں خطرناک عمارتوں کا سروے کیا تھا۔ اس بارے میں واہولے نے کہا کہ ایک ماہ میں کئے گئے سروے میں 47 عمارتیں خطرناک پائی گئی ہیں۔ زیادہ تر عمارتیں وارڈ ایک اور دو میں ہیں کیونکہ یہ پُرانےشہر میں۔شاملِ ہے۔ کارپوریشن کی جانب سے متعلقہ عمارت کے مالکان کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ عمارت کو گرانے کے لیے تین دن میں کاروائی مکمل کریں، یہ اپیل نوٹس کے ذریعے کی گئی۔ اسی مناسبت سے دو روز قبل دو عمارتوں کو منہدم کر دیا گیا تھا۔
کارپوریشن کے نامزد افسران اور بلڈنگ انسپکٹر متعلقہ افراد کے گھر جا کر انہیں ہدایات دے رہے ہیں۔ اس کے بعد بھی چونکہ شہری خود سے عمارتیں نہیں گزا ر ہے ہیں، اس لیے اب کارپوریشن کی جانب سے کارروائی کی جائے گی۔ اگلے دو دنوں میں اورنگ پورہ کے بھانڈی بازار، بیگم پورہ ، روضہ باغ میں ایک ایک عمارت کو منہدم کر دیا جائیگا۔