اورنگ آباد: مہاراشٹرا کے اورنگ آباد میں ضلع پریشد اسکولوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو لے کر ضلع پریشد سی ای او، آئی اے ایس آفیسر وکاس مینا نے بتایا کہ ضلع پریشد کی ہر اسکول میں سی سی ٹی وی لگانے کی کام شروع کردیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ ہی اب ہر اسکول میں ایک شکایت پیٹی بھی رکھی جارہی ہے جسے کھولنے کی ذمہ داری صرف سرکاری آفیسران کو ہی دی گئی ہے۔
وکاس مینا نے مزید بتایا کہ بڑی اسکولوں کے اطراف میں جتنے بھی پولیس اسٹیشن کی خواتین پولیس ہیں وہ متواتر طریقے سے ان اسکولوں کا دورہ کرتے رہیں گی ساتھ ہی عام خواتین کے ساتھ ان کی شکایت کے ازالے کو لیکر بات چیت بھی کریں گی۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ ہر ضلع پریشد اسکول میں ستی ساوتری کمیٹی بھی قائم کی جاچکی ہے اور ان کی یہ بھی کوشش ہے کہ ہر اسکول میں خاتون ٹیچر اپنی سبھی طالبات کی والدہ کے ساتھ ہر ماہ ایک میٹنگ رکھے جس میں طالبات کے حوالے سے ان کی شکایات و مسائل پر غور و خوض کیا جائے گا۔
وکاس مینا نے بتایا ہے کہ ضلع پریشد کی ہر اسکول میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب لازمی ہے اور انھوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے آس پاس میں واقع ضلع پریشد کی اسکولوں میں جاکر دیکھیں کہ وہاں سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں یا نہیں تاکہ اسکولوں میں طالبات کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔