سرینگر: جموں کشمیر کے سرینگر ہوائی اڈے کے ڈائریکٹر نے اس بات کی جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ آج دن کی تمام پروازوں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ڈاریکٹر نے کہا کہ برفباری سے سرینگر ہوائی اڈے کے رن وے پر بھاری برف جمع ہو گئی ہے جس کو صاف کرنے میں آج پورا دن لگ سکتا ہے جس کے وجہ سے طیارے پرواز نہیں کر پائیں گے۔
وہیں برفباری اور بارش سے سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک بھی متاثر ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق شاہراہ پر ٹریفک بحال کردی گئی ہے تاہم گاڑیوں کو ایک لیں پر ہی چلنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ بانیہال اور رامسو کے درمیان برفباری اور بارش درج کی گئی ہے جس سے شاہراہ پر ٹریفک کو کم رفتار سے چلنے کی اجازت ہے۔ حکام نے بتایا کہ چنانی اور نشری ٹنل کے درمیان راستہ خراب ہو گیا ہے جس کی مرمت کی جارہی ہے اور اسی وجہ سے ٹریفک سست رفتار سے چل رہی ہے۔
مزید پڑھیں: آٹھ اضلاع میں برفانی تودے گر آنے کی وارننگ جاری
کشمیر میں گذشتہ شب سے برفباری ہورہی ہے جو آج دوپہر تک جاری رہے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر کے بالائی علاقوں میں بھاری برفباری ہوئی ہے جب کہ میدانی علاقوں میں درمیانی درجہ کی برفباری ہوئی۔ محکمہ کی پیشن گوئی کے مطابق وادی میں آج دوپہر کے بعد موسم میں تبدیلی آئی گی۔ ان کا کہنا ہے کہ پیر کو موسم ابر آلود رہے گا اور درمیانی درجے کی برفباری کا امکان ہے۔ محکمہ کے مطابق 6 سے 13 فروری تک موسم خشک رہنے کا قوی امکان ہے۔ برفباری سے وادی کے لوگوں کو دو ماہ کی خشک سالی سے نجات ملی ہے اور لوگوں میں خوشی کا ماحول ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چلہ کلان کے دوران سرینگر ائیرپورٹ پر ایک بھی پرواز منسوخ نہ ہوئی