ممبئی:اورنگ آباد کے مجلس اتحاد المسلمین کے رکن پارلیمان سید امتیاز جلیل نے ممبئی سے لوک سبھا انتخابات لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ممبئی کے میرا روڈ واقعے نے انھیں جھنجھوڑ کر رکھ دیا کیونکہ اس علاقے کے مسلمانوںکو بے دردی سے کچلا گیا۔ان کے کاروبار ختم کردیئے گئے۔ ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ ایسے حالات میںمسلمانوں کی آواز اٹھانے اور ان کے حقوق کی نمائندگی کے لیے ممبئی سے پارلیمانی چناؤ میں اترنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رکن پارلیمان امتیاز جلیل کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ان کا ذاتی فیصلہ نہیں ہے بلکہ اس معاملے میں انھوں نے پارٹی ہائی کمان یعنی اسدالدین اویسی سے باضابطہ مشورہ کیا ہے۔ ان کی اجازت کے بعد ہی ممبئی سے پارلیمانی چناؤ لڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ امتیاز جلیل نے جب اورنگ آباد پارلیمانی انتخابات میں حصہ لیا تھا تو انھیں پارٹی کی طرف سے ہی مخالفت کا سامنا کرنا پڑھا تھا۔ کہا جاتا ہے کہ ایم آئی ایم کے اعلی قائدین اس بات کے حق میں نہیں تھے کہ اورنگ آباد پارلیمانی انتخابات میں ایم آئی ایم کے امیدوار کو اتارا جائے لیکن سید امتیاز جلیل نے اس وقت بھی پارٹی قیادت کو قائل کرلیا تھا جبکہ مسلم امیدوار کی کامیابی کے دور دور تک کوئی آثار نہیں تھے۔
یہ بھی پڑھیں:کرناٹک کا بجٹ ترقی پسند و تاریخی ہے، سدرامیہ
لیکن سید امتیاز جلیل کی ثابت قدمی اور انتخابی حکمت عملی کا نتیجہ لوک سبھا الیکشن میں کامیابی کی صورت میں ظاہر ہوا تھا۔یہی وجہ ہے کہ رکن پارلیمان سید امتیاز جلیل آج بھی خود کو اکسیڈنڈل ایم پی کہتے ہیں۔