اورنگ آباد: دولت آباد کے مالی واڑہ علاقہ میں پیش آئی واردات میں چند سارقوں نے ایس بی آئی بینک کی اے ٹی ایم مشین، جو مالی واڑہ کے پاس واقع ہے، چوری کرنے کی کوشش کی۔ پہلے اے ٹی ایم کے قریب کار کھڑی کر کے دو سارق کار سے اترتے ہیں، جب کہ دو کار میں ہی بیٹھے رہتے ہیں۔ کار سے نیچے اتر کر دو چور اے ٹی ایم میں داخل ہوتے ہیں، اور اس کا شٹر گراکر گیس کٹر کی مدد سے اے ٹی ایم مشین کٹ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن اے ٹی ایم مشین کٹ نہیں ہوتی اور اچانک گیس کٹر کی وجہ سے اے ٹی ایم مشین میں آگ لگ جاتی ہے۔ جس کی وجہ سے چور گھبرا گئے، چور آگ بجھانے کی کوشش کرتے ہیں، لیکن آگ بجھانے میں ناکام چور اپنی لائی ہوئی کار میں بیٹھ کر فرار ہو جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
ATM Looted in Budgam بڈگام میں نامعلوم لٹیروں نے رقم سمیت اے ٹی ایم مشین اڑا لی
صبح آٹھ بجے معاملے کی اطلاع مقامی ساکنان نے پولیس کو خبر دی۔ اطلاع ملتے ہی دولت آباد پولس واردات پر پہنچ گئی۔ انہوں نے حالات کا جائزہ لینے کے بعد علاقے میں لگے دیگر سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی۔ سارقوں کی یہ حرکت سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہو گئی ہے۔ آگ لگنے کی وجہ سے اے ٹی ایم مشین میں رکھے لاکھوں روپیے خاک ہو گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس اے ٹی ایم میں 13 لاکھ سے زائد کی رقم موجود تھی جو جل کر خاک ہو گئی۔ پولس نے ابتدائی جانچ کے بعد پنچنامہ کر کے واردات کا اندراج کر لیا۔ پولس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔