حیدرآباد: پیرس اولمپکس میں پاکستان کو گولڈ میڈل دلانے والے ارشد ندیم اس وقت کافی زیادہ سرخیوں میں ہیں۔ انھوں نے مردوں کے جیولن تھرو ایونٹ میں 92.97 میٹر دور نیزہ پھینک کر نہ صرف اولمپک گیمز میں ریکارڈ قائم کیا بلکہ اپنے ملک کے لیے 40 سال بعد گولڈ میڈل دلانے میں بھی کامیاب ہوگئے۔
ارشد ندیم کی اس تاریخی کامیابی نے سیاسی اور معاشی پریشانی سے دوچار ملک کو تھوڑی بہت خوشی ضرور پہنچائی ہے۔ اس خوشی میں ہر کوئی ارشد ندیم کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔ ہر عام و خاص شخص اپنی حیثیت کے اعتبار سے ارشد کو انعام بھی دے رہا ہے اور ان کے اعزاز میں تقریبات بھی منعقد کی جارہی ہیں۔
ارشد ندیم پر انعامات کی بارش
ارشد ندیم کو وزیر اعظم شہباز شریف، صوبہ پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف، گورنر پنجاب، صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ، کراچی کے میئر، گورنر سندھ، پاکستان کے مشہور گلوکار علی ظفر اور کرکٹر احمد شہزاد کی جانب سے بطور انعام کافی زیادہ رقم موصول ہوچکی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے 15 کروڑ روپے، پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے 10 کروڑ روپے، سندھ حکومت نے 5 کروڑ، گورنر سندھ نے 20 لاکھ اور علی ظفر نے 10 لاکھ پاکستانی روپے بطور انعام ارشد ندیم کو دے چکے ہیں۔ جبکہ لگژری گاڑیاں، بھینس، فلیٹ اور دیگر تحائف اس کے علاوہ ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بھی اعلان کیا کہ قومی ہیرو کی انعامی رقم پر کوئی ٹیکس نافذ نہیں ہوگا۔
ارشد ندیم کی دولت میں اضافہ
کئی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پیرس اولمپکس سے قبل ارشد ندیم کی مجموعی مالیت ایک کروڑ روپے سے بھی کم تھی۔ جبکہ پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق گولڈ میڈل جیتنے سے قبل ارشد ندیم کے پاس گاؤں اور شہر میں ایک گھر تھا جس کی مالیت متعدد میڈیا رپورٹس کی جانب سے کروڑوں میں بتائی جاتی ہے۔ جبکہ دیگر میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 9 گست سے قبل ارشد ندیم دو گھر اور ایک گاڑی کے مالک تھے۔
لیکن اب جب ارشد ندیم گولڈ میڈل جیت کر وطن واپس آئے ہیں تو ان کی دولت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ کیونکہ انھیں پاکستان کی طرف سے تحائف و نقد رقوم سے نوازا جارہا ہے۔ جس کے بعد پاکستانی میڈیا رپورٹس نے دعویٰ کیا ہے کہ پیرس اولمپکس کے بعد ارشد ندیم کی دولت 47 کروڑ پاکستانی روپئے، 7 اپارٹمنٹس اور 9 لگژری گاڑیوں پر مبنی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پیرس اولمپکس کے بعد ارشد ندیم کی مجموعی اثاثے میں نمایاں اضافہ ضرور ہوا ہے لیکن ان کی دولت سے متعلق صحیح اعداد و شمار موجود نہیں ہیں۔
ارشد ندیم کا آبائی گاوں
ارشد ندیم 2 جنوری 1997 کو پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر لاہور ایک چھوٹے سے گاوں میاں چنوں میں پیدا ہوئے۔ وہ سات بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ ان کے والد محمد اشرف پیشے سے مزدور ہیں۔ ارشد ندیم کو بچہن سے ہی کھیلنے کا شوق تھا اور ان کی پہلا پسندیدہ کھیل کرکٹ تھا لیکن اس کھیل میں آگے نہ بڑھ پانے کی وجہ سے ارشد نے بعد میں ایتھلیٹکس میں ہاتھ آزمایا اور جیولین پھینکنے کو اپنا پیشہ بنا لیا۔
ارشد ندیم کی کارکردگی
ارشد ندیم نے سال 2011 میں ایتھلیٹکس میں حصہ لینا شروع کیا۔ سال 2015 میں ندیم پاکستان کے قومی چیمپئن بن گئے۔ ارشد نے 2016 میں ورلڈ ایتھلیٹکس سے اسکالرشپ حاصل کی جس نے ان کو ماریشس میں آئی اے اے ایف ہائی پرفارمنس ٹریننگ سینٹر میں تربیت حاصل کرنے کا اہل بنا دیا۔
اس کے بعد فروری 2016 میں ارشد ندیم نے بھارت کے گوہاٹی میں ساؤتھ ایشین گیمز میں کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔ 2019 کی عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ، دوحہ، قطر میں ارشد ندیم نے اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا۔
ارشد ندیم پاکستان کے پہلے ٹریک اینڈ فیلڈ ایتھلیٹ بن گئے جنہوں نے ٹوکیو اولمپکس کے لیے کوالیفائی کیا۔ انہوں نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں گولڈ میڈل جیتا تھا۔ ایک اسکول کے بچے سے لے کر آج اولمپک چیمپئن بننے تک، ندیم کی کہانی ثابت کرتی ہے کہ محنت اور لگن سے کوئی بھی منزل حاصل کی جاسکتی ہے۔
پیرس اولمپکس میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی
پیرس اولمپکس میں پاکستان کے کل سات کھلاڑیوں نے شرکت کی جس میں سے صرف ایک کھلاڑی نے گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کردی۔ اس ایک گولڈ میڈل کی ہی وجہ سے پاکستان میڈل ٹیبل میں بھارت سے بھی اوپر رہا۔ ایک گولڈ کی وجہ سے پاکستان کو میڈل ٹیبل میں 62 ویں نمبر پر تھا جبکہ بھارت 6 میڈل کے ساتھ 71 ویں نمبر پر تھا۔