پیرس: بھارت کے ساتوک سائراج اور چراغ شیٹی نے تاریخ رقم کر دی۔ اس اسٹار بھارتی جوڑی نے فرنچ اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے ڈبلز ٹائٹل پر قبضہ کرلیا ہے۔ ساتوک اور چراغ نے اتوار کو کھیلے گئے میچ میں چائنیز تائپے کے لی جی ہوئی یانگ اور یانگ پو ہوان کو 21-11، 21-17 سے شکست دی۔
دنیا کی نمبر 1 بھارتی جوڑی نے 2022 میں ٹائٹل جیتنے سے پہلے 2019 میں فرنچ اوپن میں رنر اپ کا مقام حاصل کیا تھا۔ اتوار کو ایشین گیمز کی چیمپئن نے لی اور یانگ کو 37 منٹ میں 21-11 اور 21-17 سے شکست دے کر سپر 750 کا ٹائٹل دوبارہ حاصل کیا۔
یہ ساتوک سائراج اور چراغ شیٹی کا دوسرا BWF ورلڈ ٹور سپر 750 ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل 2022 میں بھی اس بھارتی جوڑی نے فرنچ اوپن سپر 750 ٹورنامنٹ جیتا تھا۔ اس وقت انہوں نے چینی تائی پے کی لو چنگ یاؤ اور یانگ پا ہان کی جوڑی کو 21-13، 21-19 سے سیدھے گیمز میں شکست دی۔
بھارتی جوڑی نے اس سال ملائیشیا سپر 1000، انڈیا سپر 750 میں دوسرا بہترین مقام حاصل کیا تھا، جبکہ گزشتہ سال بھی چائنا ماسٹرز سپر 750 میں رنر اپ کے طور پر رہے تھے۔ اس ہفتے ان کے شاندار کھیل نے کوچ پلیلا گوپی چند کے اس دعوے کی تصدیق کی کہ یہ جوڑی پیرس اولمپکس میں گولڈ جیتنے کے لیے پسندیدہ ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: چراغ اور ساتوک فرنچ اوپن بیڈمنٹن فائنل میں