حیدرآباد: بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں بھارتی کرکٹ ٹیم نے 280 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ اشون، جڈیجا، شبمن گل اور رشبھ پنت نے بھارت کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ وہیں کپتان روہت شرما نے بلے بازی میں کچھ خاص تو نہیں کرسکے لیکن ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام ضرور درج کرلیا ہے۔
ایک کھلاڑی کے طور پر روہت شرما اب بین الاقوامی کرکٹ کے تمام فارمیٹ میں سب سے زیادہ میچ جیتنے والے دنیا کے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انھوں نے اس معاملے میں کرکٹ کے بھگوان سچن تندولکر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ لیکن رکی پونٹنگ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ میچ جیتنے والے کھلاڑی ہیں۔
پونٹنگ 377 بین الاقوامی میچ جیت کر فہرست میں سرفہرست ہیں۔ جبکہ سریلنکا کے سابق کپتان مہیلا جے وردھنے 336 بین الاقوامی میچوں میں جیت حاصل کر چکے ہیں۔ کوہلی نے 322 اور روہت نے 308 بین الاقوامی میچ جیتے ہیں۔ اس کے علاوہ سچن تنڈولکر نے اپنے کیریئر میں بطور کھلاڑی 307 بین الاقوامی میچ جیتے تھے۔
سب سے زیادہ بین الاقوامی میچ جیتنے والے کھلاڑی
1- رکی پونٹنگ 377 میچ
2- مہیلا جے وردھنے 336 میچ
3- ویرات کوہلی* 322 میچ
4- روہت شرما* 308 میچ
5- سچن تنڈولکر 307 میچ
واضح رہے کہ دو میچوں کی سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن 515 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی دوسری اننگز 234 رنز پر ختم ہوگئی۔ جس کی وجہ سے انھیں 280 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے کپتان نظم الحسن شانتو نے سب سے زیادہ 82 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے روی چندرن اشون نے چھ اور رویندرا جڈیجہ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ سیریز کا دوسرا میچ 27 ستمبر سے کانپور میں کھیلا جائے گا۔