ڈبلن:میزبان آئر لینڈ کے 193 رنوں کے جواب میں پاکستان نے 19 گیندیں باقی رہتے 16.5 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔اس جیت کے ساتھ پاکستان نے سیریز1۔1 سے برابر کرلی۔
ہدف کے تعاقب کے دوران پاکستان کی شروعات مایوس کن رہی اور 6 رنوں کے مجموعی اسکور صائم ایوب چھ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کے 13 رنوں کے مجموعی اسکور پر اس وقت ایک بڑا دھچکا پہنچا جب کپتان بابر اعظم بغیر کھاتہ کھولے ہوم کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے۔
اس کے بعد محمد رضوان اور فخر الزماں نے محتاط انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے تیسرت وکٹ کے لئے 140 رنوں کی شاندار شراکت داری کی۔فخر الزماں 61 گیندوں پر چھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے 78 رن بنا کر وائٹ کی گیند پر کیچ آوٹ ہوگئے۔
محمد رضوان 46 گیندوں پر چھ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 75 رن بنا کر ناٹ آوٹ رہے ۔اس کے علاوہ اعظم خان 10 گیندوں پر ایک چوکا اور چار چھکوں کی مدد سے 30 رن بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔پاکستان نے 19 گیندیں باقی رہتے 195 رن بنا کر میچ جیت لیا۔
یہ بھی پڑھیں:پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان پرآئرلینڈ کی تاریخی جیت - T20 SERIES
اس سے قبل پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم آئر لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 193 رن بنائے۔لورکان ٹیکر 51 رن،ہنری ٹیکٹر32 اور کارٹس کمفر22 رن بنا کر نمایاں اسکورر رہے۔پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی کو 3،عباس آفریدی کو دو جبکہ محمد عامر اور نسیم شاہ کو ایک ایک وکٹ ملے۔