ڈھاکہ: بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے، وہ بنگلہ دیش کی معزول وزیراعظم شیخ حسینہ کی سیاسی جماعت عوامی لیگ کے سابق رکن پارلیمنٹ تھے۔
ڈھاکہ ٹربیون کی رپورٹ کے مطابق ملک میں 5 اگست کو ہونے والے احتجاج کے دوران کسی نے مبینہ طور پر مجرمانہ سازش کے تحت ہجوم پر گولیاں چلا دیں، جس کے نتیجے میں روبیل نامی ایک شخص کو سینے اور پیٹ میں گولیاں لگیں۔ جس کے بعد اسے ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہ 7 اگست کو زخموں کی تاب نہ لاسکا اور انتقال کر گیا۔
رپورٹ کے مطابق جاں بحق روبیل کے والد رفیق الاسلام نے ڈھاکہ کے ادابور تھانے میں مقدمہ درج کرایا۔ جس میں شکیب الحسن کا بھی نام درج ہے جبکہ دیگر ملزمان میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ سمیت 154 افراد شامل ہیں اور 400 سے 500 کے قریب نامعلوم افراد کو بطور ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق 5 اگست کو وزیر اعظم کے عہدے سے سبکدوش ہونے اور ملک سے فرار ہونے سے پہلے حسینہ کی حکمرانی کے خلاف طلبہ کی قیادت میں ہونے والے مظاہروں کے دوران 450 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
اس سے قبل بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ کے قریبی ساتھی نظم الحسن کے استعفیٰ کے بعد سابق کپتان فاروق احمد کو صدر نامزد کر دیا ہے۔