میلبورن: روس کے اسٹار ٹینس کھلاڑی ڈینیل میدویدیف جمعہ کو آسٹریلین اوپن 2024 میں مردوں کے سنگلز کے دوسرے سیمی فائنل کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں جرمنی کے الیگزینڈر زویریف کو شکست دے کر ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئے ہیں۔
آج یہاں کھیلے گئے دوسرے سیمی فائنل میچ میں میدویدیف نے پہلے دو سیٹوں میں پیچھے رہنے کے بعد زیوریف کو 7-6، 7-6، 6-3 سے ہرایا۔ پہلے دو سیٹوں میں زیوریف نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7-5، 6-3 سے جیت درج کی تھی۔ لیکن اس کے بعد میدویدیف نے زبردست واپسی کی اور 7-6، 7-6، 6-3 سے جیت کر فائنل میں داخلہ لیا۔
فائنل میں ڈینیل میدویدیف کا مقابلہ اٹلی کے لیجنڈ ٹینس کھلاڑی جینک سینر سے ہوگا۔ جینک سینر نے سربیا کے اسٹار نوواک جوکووچ کو چار سیٹ کے سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ پہلے سیمی فائنل میچ میں سینر نے عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی جوکووچ کو 6-1، 6-2، 6-7 اور 6-3 سے شکست دی۔
اس شکست کے ساتھ ہی جوکووچ کا ریکارڈ 11ویں بار آسٹریلین اوپن اور 25ویں گرینڈ سلیم جیتنے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔ جوکووچ کو پہلی بار آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔