احمد آباد: گجرات ٹائٹنز نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے آئندہ ٹورنامنٹ کے لیے زخمی بھارتی تیز گیند باز محمد شامی کی جگہ کیرالہ کے میڈیم فاسٹ بولر سندیپ واریئر کو اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔
شامی کا حال ہی میں دائیں ایڑی کا آپریشن ہوا تھا۔ اس وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی نہیں کھیل سکے تھے۔ انہوں نے گزشتہ سال ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل کے بعد سے کوئی بھی کرکٹ نہیں کھیلی ہے۔
سندیپ واریئر نے آئی پی ایل میں 2019 سے اب تک پانچ میچ کھیلے ہیں جس میں اس نے 7.88 کے اکانومی ریٹ سے دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔ گجرات نے انہیں 50 لاکھ روپے کی بنیادی قیمت پر اپنی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ گجرات آئی پی ایل 2024 میں اپنا پہلا میچ 24 مارچ کو ممبئی انڈینز کے خلاف کھیلے گا۔
وہیں ممبئی انڈینز نے بدھ کے روز زخمی سری لنکا کے فاسٹ بولر دلشان مدھوشنکا کی جگہ جنوبی افریقی فاسٹ بولر کوینا مفاکا کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ 23 سالہ سری لنکن فاسٹ باؤلر بنگلہ دیش کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ون ڈے سیریز کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔
ممبئی انڈینز نے انہیں آئی پی ایل نیلامی میں 4.6 کروڑ روپے میں خریدا ہے۔ جنوبی افریقہ کے مفاکا نے ابھی تک کوئی بین الاقوامی میچ نہیں کھیلا لیکن اس 17 سالہ فاسٹ باؤلر نے انڈر 19 ورلڈ کپ میں 9.71 کی اوسط سے 21 وکٹیں حاصل کیں اور انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: دہلی کیپٹلس نے آئی پی ایل 2024 میں رشبھ پنت کی واپسی کا اعلان کردیا