نئی دہلی: راجستھان رائلز ٹیم کے آسٹریلوی اسپنر ایڈم زمپا نے ذاتی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2024 کے اس سیزن سے اپنا نام واپس لے لیا ہے۔
آسٹریلوی اسپنر زمپا کے منیجر نے جمعرات کو تصدیق کی کہ وہ آئی پی ایل 2024 میں شرکت نہیں کریں گے۔ زمپا کو نیلامی سے قبل راجستھان رائلز نے اپنی ٹیم میں برقرار رکھا تھا۔
زمپا کا شیڈول گزشتہ سال کھیلے گئے ون ڈے ورلڈ کپ کے بعد سے کافی مصروف رہا ہے۔ ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد انہوں نے بھارت، ویسٹ انڈیز اور نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلی گئی سیریز میں حصہ لیا۔ اس کے علاوہ وہ بی بی ایل کا بھی حصہ تھے۔
راجستھان کی ٹیم کے پاس پہلے سے ہی آر اشون اور یوزویندر چہل جیسے دو بہترین اسپنر ہیں۔ زمپا نے 2023 کے سیزن میں چھ میچوں میں 23.50 کی اوسط اور 8.54 کی اکانومی سے آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔
راجستھان رائلز سے پہلے زمپا آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور اور رائزنگ پونے سپر جائنٹ کا حصہ رہ چکے ہیں۔ ایڈم زمپا کا آئی پی ایل کیریئر زیادہ متاثر کن نہیں رہا۔ اس 31 سالہ کھلاڑی نے 2016 سے 2013 کے درمیان صرف 20 آئی پی ایل میچ کھیلے ہیں اور 7.99 کے اکانومی ریٹ کے ساتھ 29 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 19 رنز کے عوض 6 وکٹیں آئی پی ایل میں ان کی بہترین کارکردگی ہے۔
راجستھان رائلز آئی پی ایل 2024 کا آغاز اتوار 24 مارچ کو لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف جے پور میں اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے جانے والے میچ سے کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: رتوراج گائیکواڈ چنئی کے نئے کپتان مقرر، ایم ایس دھونی کا کپتانی سے استعفیٰ