دھرم شالہ: بھارت نے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی دن انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 218 رنز پر آؤٹ کر دیا۔ انگلینڈ کی جانب سے سلامی بلے باز بلے باز جیک کراؤلی نے سب سے زیادہ 79 رنز بنائے۔ جبکہ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو نے پانچ، اشون نے چار اور جڈیجا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جمعرات کو ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بین ڈکٹ اور جیک کرولی کی اوپننگ جوڑی نے عمدہ آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 64 رنز کی شراکت قائم کی۔
بین ڈکٹ 27 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کلدیپ نے لنچ سے قبل اولی پوپ کو 11 رنز پر آؤٹ کرکے بھارت کو دوسری کامیابی دلائی۔ کلدیپ نے 38ویں اوور میں جیک کرولی کو 79 رنز پر بولڈ کرکے انگلینڈ کی بڑے اسکور کی امیدوں کو جھٹکا دیا۔
رویندرا جڈیجہ نے جو روٹ کو 26 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین بھیج دیا۔ جبکہ جونی بیرسٹو 29 رنز پر کلدیپ کا شکار بنے جس کے بعد کپتان بین اسٹوکس کو کلدیپ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔
ٹام ہارٹلے 6 رنز اور مارک ووڈ 0 رنز بنا کر آر اشون کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ چائے کے وقت تک انگلینڈ نے 55 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 194 رنز بنا لیے تھے۔ چائے کے بعد اشون نے بین فاکس کو 24 رنز پر بولڈ کرکے انگلینڈ کا نواں وکٹ لیا اور پھر بلے بازی کرنے آئے جیمز اینڈرسن کو صفر پر آؤٹ کیا۔
اینڈرسن نے اشون کی گیند کو سوئپ کرنے کی کوشش کی اور مڈ وکٹ پر کھڑے دیو دت پڈیکل کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔ شعیب بشیر 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 57.4 اوورز میں 218 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے ایک دن پہلے ہی اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا تھا اور مارک ووڈ کی انگلینڈ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ انہیں آخری دو ٹیسٹوں میں آرام دیا گیا تھا۔
انگلینڈ کی ٹیم دو اسپنرز اور دو تیز گیند بازوں کے ساتھ میدان میں اتری ہے۔ جو روٹ تیسرے اضافی اسپنر ہیں۔ بھارت کے لیے دیودت پڈیکل نے ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کیا ہے۔ انہیں رجت پاٹیدار کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
دونوں ٹیموں کی پلیئنگ الیون:-
بھارت: یشسوی جیسوال، روہت شرما (کپتان)، شبھمن گل، دیو دت پڈیکل، رویندر جڈیجہ، سرفراز خان، دھرو جوریل (وکٹ کیپر)، روی چندرن اشون، کلدیپ یادو، محمد سراج، اور جسپریت بمراہ۔
انگلینڈ: بین ڈکٹ، جیک کرولی، اولی پوپ، جو روٹ، جونی بیئرسٹو، بین اسٹوکس (کپتان)، بین فاکس، ٹام ہارٹلی، شعیب بشیر، مارک ووڈ اور جیمز اینڈرسن۔