بیجنگ: ایشیئن ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل میچ بھارت اور کوریا کے درمیان کھیلا گیا۔ اس دلچسپ مقابلے میں عالمی نمبر 5 بھارت نے عالمی نمبر 14 ٹیم جنوبی کوریا کو 4-1 سے شکست دے کر فائنل میں داخلہ حاصل کرلیا۔ بھارتی ٹیم ابھی تک پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی ہے۔
بھارت کی جانب سے اتم سنگھ (13ویں منٹ)، ہرمن پریت سنگھ (19ویں منٹ)، جرمن پریت سنگھ (32ویں اور 45ویں منٹ) نے گول کئے۔ کوریا کی جانب سے یانگ جیہون (33ویں منٹ) نے گول کیا۔ فائنل میچ 17 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ جہاں بھارت کا مقابلہ میزبان چین سے ہوگا جس نے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر پہلی بار فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
Full Time
— Asian Hockey Federation (@asia_hockey) September 16, 2024
Hero Asian Champions Trophy Moqi China 2024#hact2024#asiahockey pic.twitter.com/1bwxnUmq0A
اس سے پہلے میزبان چین نے پاکستان کو پہلے سیمی فائنل میں شوٹ آؤٹ کے ذریعے 2-0 سے شکست دی۔ کیونکہ دونوں ٹیمیں مقررہ وقت تک 1-1 ہی گول کر سکی تھیں۔ اب پاکستان اور کوریا کی ٹیمیں تیسری پوزیشن کے لیے آمنے سامنے ہوں گی جو منگل کو کھیلا جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ چین نے دوسری بار پاکستان ہاکی ٹیم کو شکست سے دو چار کیا ہے، اس سے قبل 2006 کے ایشیئن گیمز کے سیمی فائنل میں بھی چین نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔