دمبولا: کامنڈو مینڈس نے آخری دم تک اپنی ٹیم کو جیت دلانے کی پوری کوشش کی۔ انہوں نے 20ویں اوور میں 15 رنز جوڑے اور اسکور کو 206 تک لے گئے لیکن ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔ سری لنکا نے 210 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اچھی شروعات کی۔ پتھم نسانکا اور کوسل مینڈس کی اوپننگ جوڑی نے پہلے وکٹ کے لیے 64 رن جوڑے۔ کوسل مینڈس چھٹے اوور میں 16 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اگلے ہی اوور میں نور نے سری لنکا کو دوسرا جھٹکا کوسل پریرا کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے دیا۔ اس کے بعد پتھم نسانکا 60 رنز بنانے کے بعد ریٹائر ہرٹ ہو گئے۔
نسانکا نے 30 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے۔ وینندو ہسرنگا 13 رن، سدیرا سمارا وکرما 23 رن، اینجلو میتھیوز چار رن اور داسن شنکا 13 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کمیندو مینڈس نے 39 گیندوں میں سات چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 65 رنز بنائے۔ اکیلا دھننجے چار رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ سری لنکن ٹیم مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں پر صرف 206 رنز بنا سکی اور تین رنز سے میچ ہار گئی۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے دو وکٹ حاصل کئے۔ فرید احمد، نور احمد اور قیس احمد نے ایک ایک بلے باز کو پویلین کا راستہ دکھایا۔اس سے قبل رحمان اللہ گرباز کی 70 رنز کی شاندار نصف سنچری کی بدولت افغانستان نے بدھ کو تیسرے ٹی 20 میچ میں سری لنکا کو جیت کے لیے 210 رنوں کا ہدف دیا ہے۔
آج یہاں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ حضرت اللہ زازئی اور رحمان اللہ گرباز کی اوپننگ جوڑی نے عمدہ آغاز کیا اور پہلے وکٹ کے لیے 88 رنز جوڑے۔ اکیلا نے آٹھویں اوور میں حضرت اللہ زازئی کو آؤٹ کر کے افغانستان کو پہلا دھچکا دیا۔ زازئی نے 22 گیندوں میں چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے کپتان ابراہیم زدران 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
یہ بھی پڑھیں:آسٹریلیا نے نیوزی لیڈ کو پہلے ٹی 20 میچ میں 6 وکٹوں سے ہرایا
14ویں اوور میں ہسرنگا نے رحمان اللہ گرباز کو سدیرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرا دیا۔ گرباز نے 43 گیندوں پر سات چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ٹیم کے لیے سب سے زیادہ 70 رن بنائے۔ عظمت اللہ عمرزئی 31 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور کریم جنت صفر پر آؤٹ ہوئے۔ محمد نبی اور محمد اسحاق 16-16 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 209 رنز کا مشکل اسکور بنایا۔سری لنکا کی جانب سے متھیشا پاتھیرانا اور اکیلا دھننجے نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔ وینندو ہسرنگا نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
یو این آئی