سرینگر: وادی کشمیر میں دو دنوں کی موسلا دھار بارشوں کے بعد موسم میں قدرے بہتری واقع ہوئی ہے اور اس دوران وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں گراوٹ درج ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق سرینگر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران28.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 44.2 ملی میٹر، پہلگام میں 39.0 ملی میٹر، کپوارہ میں 28.6 ملی میٹر، گلمرگ میں 32.8 ملی میٹر، کو کرناگ میں 28.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران بھی مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہی کہیں کہیں ہلکی بارشوں کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی میں 18 اپریل کی شام سے 19 اپریل کی شام تک ایک اور مغربی ہوا کی لہر کے نتیجے میں پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 20 سے 25 اپریل تک موسم مجموعی طو رپر خشک رہنے کا امکان ہے۔
اطلاعات کے مطابق وادی میں موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے سرینگر سمیت کئی علاقوں کی سڑکیں، سڑکیں کم اور ندی نالے زیادہ نظر آ رہے ہیں۔ نشیبی علاقوں کی سڑکیں اور گلی کوچے زیر آب آگئے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ گہرے گڑھوں میں پانی جمع ہوا ہے اور گاڑیوں کے چلنے سے اٹھنے والی چھینٹیں دور دور تک راہگیروں اور دکانداروں کو اپنی زد میں لے لیتی ہیں۔
مزید پڑھیں: کشمیرمیں برف وباراں، 19 اپریل کی شام تک موسم آلود رہنے کی پیش گوئی - Snowfall in Kashmir
دریں اثناء خراب موسمی صورتحال کے باعث پہلگام کو چھوڑ کر وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے گراوٹ درج ہوئی ہے۔ گرمائی دارلحکومت سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت 7.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گزشتہ شب کا درجہ حرارت1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔ پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت8.1 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپوارہ میں 6.4 ڈگری سینٹی گریڈ، قاضی گنڈ میں 7.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
یو این آئی