جموں: جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے ایک سرحدی گاؤں میں چچا نے اراضی تنازعے پر مبینہ طور پر اپنے ہی بھتیجے کو گولی مار کر ابدی نیند سلا دیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پونچھ کے دار دولین علاقے میں دوران شب جوگندر سنگھ نامی ایک سابق فوجی نے کسی اراضی تنازعے پر اپنے ہی 32 سالہ بھتیجے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔مہلوک کی شناخت 32 سالہ گگن دیپ سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جوگندر سنگھ ولیج ڈیفنس گارڈ کا ایک ممبر بھی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پولیس کی ایک ٹیم ہفتے کی صبح جائے واردات پر پہنچی اور ملزم کو گرفتار کیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے اس جرم کے لئے استعمال کئے جانے والے ہتھیار کو بھی ضبط کیا ہے۔
مزید پڑھیں: اراضی تنازعہ : گاندربل میں آپسی جھگڑے کے دوران معمر شہری ہلاک
واضح رہے کہ گزشتہ برس راجوری کے ڈانگری علاقہ میں عسکریت پسندانہ حملے کے بعد انتظامیہ نے پیر پنجال علاقہ میں ولیج ڈیفنس کمیٹوں کو دوبارہ سے بحال کیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق ولیج ڈیفنس کمیٹیاں اپنے اپنے علاقہ میں ٹارگیٹ کلنک کے واقعات اور عسکریت پسندی سے نمٹنے کے لیے کارگر ثابت ہوں گے۔
جموں و کشمیر پولیس نے راجوری میں ولیج ڈیفنس کمیٹی کے ارکان کو ایٹومیٹک ہتھیار فراہم کرنا شروع کیے ہیں۔ بتادیں کہ راجوری کے ڈانگری علاقہ میں یکم جنوری کو مشتبہ عسکریت پسندوں کے حملے میں سات عام شہری ہلاک ہوئے تھے۔ ویلج ڈیفنس کمیٹی کے ممبران کو جدید ٹیکنالوجی کے ہتھیاروں سے واقف کروانے کے لیے فوج اور پولیس کی جانب سے تربیت بھی دی گئی
(یو این آئی مشمولات کے ساتھ )