پلوامہ: جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں وانی محلہ، مندورہ کی آبادی نے ناقص بجلی ترسیلی نظام کے خلاف ایک خاموش احتجاج کرتے ہوئے علاقے میں قائم سی آر پی ایف کیمپ اور مقامی بستی کے لیے علیحدہ علیحدہ بجلی ٹرانسفارمر نصب کرنے کی مانگ کی۔ مظاہرین نے بتایا کہ علاقے میں محکمہ بجلی نے 63 kv ٹرانسفارمر نصب کیا جو آئے روز خراب رہتا ہے جسکی وجہ سے مقامی آبادی کو سخت مشکلات درپیش ہیں۔
انہوں نے کہا:’’ صورتحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ دسمبر سے اب تک یہ ٹرانسفارمر چار مرتبہ خراب ہو چکا ہے اور گزشتہ چار روز سے پھر ایک بار خراب ہے اور علاقہ گھپ اندھیرے میں ہے۔‘‘ مقامی لوگوں نے بتایا کہ بستی کو ایک بہتر صلاحیت والا ٹرانسفارمر فراہم کیا جائے۔ لوگوں کے مطابق اس ٹرانسفارمر پر ایک سی آر پی ایف کیمپ کو بھی بجلی فراہم کی جاتی ہے جبکہ بستی بھی اسی ٹرانسفارمر پر منحصر ہے۔
مزید پڑھیں: Tral Protest Against PDD: ترال میں محکمہ بجلی کے خلاف خاموش احتجاج
انہوں نے کہا بجلی گل رہنے کے باوجود لوگ باقاعدگی سے بجلی فیس ادا کرتے ہیں تاہم نہ جانے کیوں کر ان کو بہتر بجلی فراہم نہیں کی جا رہی ہے اور انہیں سرما کے ان سرد ایام میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ بجلی نہ ہونے سے لوگوں کے گھروں میں پانی کی سپلائی بھی متاثر ہو رہی ہے اور متعلقہ حکام کو بار بار مطلع کیے جانے کے باوجود اس ضمن میں ٹھوس اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔ انہوں نے کہا کہ اب احتجاج کے ذریعے ہی لوگ بہتر صلاحیت والے ٹرانسفارمر کی مانگ کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کو مشکلات درپیش نہ ہوں۔