رام بن (جموں کشمیر): بدلتے موسم کی وجہ سے سرینگر جموں شاہراہ پر ٹریفک متاثر رہا۔ پہاڑی ضلع رام بن کے رامسو، ہنگنی میں اتوار کو پتھر گرآنے سے شاہراہ تقریباً ساڑھے چھ گھنٹے تک بند رہی۔ کافی کوششوں کے بعد ملبہ ہٹایا گیا اور شاہراہ کو سہ پہر تقریباً 4.30 بجے گاڑیوں کی آمد و رفت کے لیے بحال کر دیا گیا۔ تاہم پیر کو پھر سے ایک بار خراب ہونے اور ضلع کے گنگرو علاقے میں چٹانیں کھسکنے کے سبب شاہراہ کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے پھر سے بند کر دیا گیا۔
شاہراہ بند ہونے کے بعد رام بن میں ہائی وے کے دونوں طرف رکی گاڑیوں کو آگے بڑھنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔ تاہم ادھم پور میں درماندہ مال بردار ٹرکوں کو رات دیر گئے تک وادی کی جانب روانہ ہونے کی اجازت پیر کے روز بھی نہیں دی گئی۔ قابل ذکر ہے کہ ضلع رام بن میں گذشتہ تین دنوں سے بارشوں کے دوران پہاڑوں پر سے پتھر گر آنے، سڑکیں کھسکنے کی وجہ سے شاہراہ کو بار بار ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔
ادھر، ہائی وے کے دونوں طرف مسافر و مال بردار گاڑیاں درماندہ ہو گئیں جس کے نتیجے میں ڈرائیوروں، مسافروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہائی وے پر گاڑیاں درماندہ ہونے کی وجہ سے رام بن ضلع کے باشندوں کو بھی ٹریفک جام کی وجہ سے عبور و مرور میں سخت دشواریاں پیش آ رہی ہیں۔ وہیں حکام کی جانب سے ہائی وے کی بحالی کے لیے مسلسل کام جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہائی وے پر سے ملبہ پوری طرح صاف کرنے کے بعد ہی ٹریفک کو بحال کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: زوجیلا میں برف باری کی وجہ سے سری نگر لیہہ ہائی وے بند