جموں و کشمیر کے گاندربل ضلع میں منگل کو ایک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں تین سیاح ہلاک ہو گئے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ گاندربل کے سونمرگ پہاڑی اسٹیشن میں ایک گاڑی کے حادثے کا شکار ہونے کے بعد دو خواتین سمیت تین سیاح ہلاک ہوگئے جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹاٹا سومو گاڑی، جس کا رجسٹریشن نمبر JK13B 9919 تھا کے ذریعہ سیاح سونمرگ سے زیرو پوائنٹ زوجیلا کی طرف جارہے تھے۔ اس دوران ٹاٹا سومو سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جاگری، جو بجری نالہ اور کیپٹن موڑ کے درمیان واقع ہے۔
حادثہ کے وقت گاڑی میں چار مسافر سوار تھے تاہم معجزانہ طور پر ڈرائیور محفوظ رہا لیکن دو خواتین سمیت تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ حادثہ کے بعد ایک بچے کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثہ کے بعد ریسکیو ٹیم، مقامی پولیس اور سول انتظامیہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ اس سلسلے میں سونمرگ پولس نے متعلقہ دفعات کے تحت کیس درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔ مہلوکین کا تعلق بنگلور سے بتایا جارہا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مرنے والوں کی شناخت چمپک داس (67)، تاندرا داس (44) اور مونالیسا داس (41) کے طور پر کی گئی، وہیں زخمی بچے کی شناخت آدریتا (8) کے طور پر ہوئی ہے۔