اننت ناگ: جمعتہ الوداع کے پیش نظر وادی کے مختلف خانقاہوں، درگاہوں اور مساجد میں نماز جمعہ کی بڑی تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔اس حوالے سے جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں کعبہ مرگ ،بابا حیدر ریشیؒ ،سخی زین الدین ولیؒ و دیگر کئی خانقاہوں اور درگاہوں مساجد پر جمعتہ الوداع کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔
ضلع میں سب سے بڑی تقریب درگاہ حضرت بل کھرم میں منعقد کی گئی، جہاں فرزندان توحید کی ایک بڑی تعداد جن میں مرد و خواتین بھی شامل تھیں نے نماز جمعہ ادا کی۔درگاہ کے متصل علاقوں کے ساتھ ساتھ ضلع کے مختلف علاقوں سے فرزندان توحید کی ایک کثیر تعداد نے درگاہ پر حاضری دی اور نماز جمعہ میں شرکت کرکے بارگاہ الہی میں سر بہ سجود ہوئے۔
درگاہ کے خطیب مولانا حاجی غلام نبی راتھر نے ماہ رمضان المبارک کے آخری عشرہ خاص کر شبِ قدر عید الفطر کے مقاصد ،صدقہ فطر، عشر زکواۃ کی فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے زائرین سے خطاب کیا۔
نماز سے قبل اور بعد نماز درگاہ میں ختمت المعظمات اور خاص دعائیہ مجالس کا اہتمام کیا گیا، جس دوران خاص دعائیں کی گئیں۔جمعتہ الوداع کے پیش نظر کھرم درگاہ حضرتبل پر لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی، وادی خاص کر اننت ناگ اور جنوبی کشمیر کے مختلف علاقوں سے عقیدت مندوں کی کثیر تعداد نے صبح سے ہی درگاہ کی جانب رخ کیا اور درگاہ پر حاضر دے کر نماز جمعہ میں حصہ لے کر بارگاہ الہی میں سر بہ سجود ہوئے۔وہیں انتظامیہ کی جانب سے زائرین کے لئے تمام ضروری انتظامات کئے گئے تھے۔
مزید پڑھیں: الوداع ماہ رمضان الوداع کی صدائیں: درگاہ حضرت بل میں لوگوں کی کثیر تعداد نے نماز جمعہ ادا کی
یاد رہے کہ سرینگر میں جمعتہ الوداع کی سب سے بڑا اجتماع درگاہ حضرت بل میں منعقد ہوا، جس میں وادی کے گوشہ و کنار سے آئے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کرکے نماز ادا کی اور خصوصی دعائیں مانگی۔