ترال (جموں کشمیر): دارلعلوم شاہ ہمدانؒ ترال کی پانچویں سالانہ کانفرنس آج خانقاہ فیض پناہ ترال کے احاطے میں منعقد کی گئی جس میں لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ وادی کے جید علماء کرام نے بصیرت افروز خطابات کیے۔
اس موقع پر چار حفاظ کی دستار بندی بھی کی گئی اور عالمی امن کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا جلسے میں خصوصی طور پر کشمیر کے امیر اعلیٰ مولانا عبدالرشید داؤدی نے پرسوز آواز میں موجودہ دور میں قرآنی تعلیمات کی اہمیت اور افادیت بیان کی اور کہا کہ بے شمار عناصر نے قرآن مجید میں تحریف کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں کامیاب نہیں ہوئے۔
انہوں نے قرآن پاک کے حوالے سے مذید کہا کہ اس دور میں ہی نہیں بلکہ ہر دور میں تحریف کرنے کی کوشش کی گئی مگر ایسا ہو نہ سکا کیونکہ اس پاک کتاب کی حفاظت کی زمہ داری خود اللہ تعالی نے اپنے زمہ لے لی ہے۔
مولانا عبدالرشید داؤدی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کی تربیت کے لیے مدارس اور مکاتب میں انکا داخلہ کروائیں تاکہ انکی دنیاوی اور دینی تربیت ہو سکے۔
اس موقع پر میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے میرواعظ ترال مولانا شبیر احمد شاہ نے بتایا کہ منشیات سے نوجوان نسل کو بچانا ہماری ترجیح ہونی چاہیے تاکہ آنے والا کل بہتر ہو۔
دارلعلوم شاہ ہمدانؒ کے پرنسپل مولانا عرفان ثقافی نے بتایا کہ آج کی اس عظیم کانفرنس میں مدرسے کے چار حفاظ کی دستار بندی کی گئی اور عالمی امن اور کشمیر میں بھائ چارے کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام بھی کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: