اننت ناگ (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کوکرناگ علاقے میں دوکانداروں نے احتجاجاً دکانیں بند رکھیں اور انتظامیہ، خوانچہ فروشوں کے خلاف مظاہرہ کیا۔ احتجاج کر رہے دکانداروں نے سڑک کے اسٹالز قائم کرنے والے ریڈی والوں/خوانچہ فروشوں کو ہٹانے کا مطالبہ کیا۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ خوانچہ فروشوں نے کوکرناگ میں قائم معروف بوٹینیکل گارڈن کے متصل اپنے اسٹال غیر قانونی طریقے سے قائم کیے ہیں جس سے مقامی دوکانداروں کے کاروبار پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی دکاندروں نے کہا: ’’اس مقام پر ماضی میں ان ہی کی لکڑیوں سے تعمیر کی گئی دکانیں ہوا کرتی تھیں، لیکن انتظامیہ نے اس وقت کہا تھا کہ اس سے کوکرناگ کا حسن متاثر ہو رہا ہے اور ہم نے اُس وقت کی انتظامیہ کو اپنا تعاون دیا جس کے باعث ہمیں وہاں سے دوسری جگہ منتقل کر دیا گیا، اور ایک شاپنگ کمپلیکش میں ہم نے اپنی کاروبار شروع کیا، تاہم اب ریڈی والے گارڈن کے دروازے پر ریڈیاں لگاتے ہیں اور گاہک ہمارے کمپلیکس نہیں پہنچ پاتے۔‘‘
دکانداروں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ ریڈی والوں کو بھی شاپنگ کمپلکس کے متصل بیٹھے کی اجازت دی جائے تاکہ دکانداروں کے ساتھ ساتھ ریڈی والوں کا بھی روزگار چل سکے۔ انہوں نے کہا ’’ہم چھاپڑی فروشوں کے خلاف نہیں بلکہ ہم یہ چاہتے ہیں کہ ان کے ساتھ ساتھ ہمارا روزگار بھی چلے۔‘‘ احتجاج کر رہے دکانداروں نے کہا کہ ’’جس طرح ہم نے ماضی میں انتظامیہ کا تعاون دیا، اب انتظامیہ کو بھی چاہیے کہ ہماری جائز مانگوں کو پورا کرے۔‘‘
واضح رہے کہ کوکرناگ کا بوٹینیکل گارڈن اپنے دلکش نظارے کے لیے کافی مشہور ہے جہاں نہ صرف مقامی بلکہ قومی و بین الاقوامی سیاح بھی سیر و تفریح کے لیے آتے ہیں۔ اور سیاحوں کی آمد پر کئی لوگوں کا روزگار بھی جڑا ہوا ہے جس سے انہیں اقتصادی حالات سدھارنے میں کافی مدد ملتی ہے، جن میں یہاں کے دکاندار قابل ذکر ہیں، جبکہ خوانچہ فروشوں کی خاصی تعداد کا روزگار بھی باٹنیکل گارڈن آنے والے سیاحوں کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاحوں نے کیا باٹنیکل گارڈن، کوکرناگ میں تعمیری سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار - Botanical Garden Kokernag