اننت ناگ: شبِ معراج کی تقریب سعد کے موقعے پر وادی کشمیر کی چھوٹی بڑی مساجد، درگاہوں اور خانقاہوں میں رات بھر روح پرور اجتماعات اوربا برکت مجالس کا اہتمام کیا گیا،جس میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس دوران علمائے کرام،واعظ و خطیب اور ائمہ مساجد نے فلسفہ معراج پر روشنی ڈالی۔
معراج العالمﷺ کے سلسلہ میں جنوبی کشمیر کے دیگر اضلاع سمیت اننت ناگ ضلع میں موجود تمام درگاہوں پر بدھ کے روز صبح سے ہی زائرین کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔
اننت ناگ ضلع کے بابا حیدر ریشی عرف ریشی مول رحمت اللہ علیہ، کھرم درگاہ حضرتبل ،کعبہ مرگ سمیت مختلف درگاہوں اور خانقاہوں پر شب معراج کے سلسلہ میں زائرین کی بڑی تعداد حاضر ہوئی۔درگاہوں پر شب خوانی کے ساتھ ساتھ ختمت المعظمات، درود و ازکار اور خاص دعائیہ مجالس کا اہتمام کیا گیا۔
زائرین کو ہر سہولیات بہم پہنچانے کے لئے انتظامیہ کی جانب سے درگاہوں پر قبل ازوقت انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے ضلع اننت ناگ کے ریشی بازار میں موجود تاریخی بابا حیدر ریشی درگاہ کے وقف بورڈ ایڈمنسٹریٹر درگاہ نثار احمد کُچھے نے کہا کہ وقف بورڈ انتظامیہ کی جانب سے معراج العامﷺ کے سلسلہ میں درگاہ پر آنے والے زائرین کو ہر ضروری سہولیات کو یقینی بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے تمام متعلقہ محکمہ جات کو قبل ازوقت انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تھی، جس کے چلتے درگاہ پر ،بجلی ،پانی، گرمی و دیگر ضروری سہولیات کو میسر رکھا گیا ہے ،تاکہ زائرین کو کسی بھی طرح کی مشکلات کا سامنا نہ۔کرنا پڑے۔
مزید پڑھیں: شب معراج کی تعطیل 7 کے بجائے اب 8 فروری کو ہوگی
واضح رہے کہ وادی کشمیر میں شبِ معراج کی سب ست بڑی تقریب درگاہ حضرتبل سرینگر میں منعقد ہوئی، جہاں ہزاروں کی تعداد میں عقیدتمندوں نے رات بھر شب خوانی کی۔ اس دوران علمائے کرام،واعظ و خطیب اور ائمہ مساجد نے فلسفہ معراج پر تفصیلی روشنی ڈالی۔