ریاسی: جموں و کشمیر کے ریاسی ضلع میں اتوار کی شام عسکریت پسندوں نے یاتریوں کی بس پر گھات لگا کر حملہ کیا۔ اتر پردیش اور دہلی کے زائرین کو لے کر جانے والی بس حملے کے بعد گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجہ میں 3 خواتین سمیت نو افراد ہلاک جب کہ 41 زخمی بتائے جاتے ہیں۔ شام 6 بج کر 15 منٹ پر فائرنگ کے بعد 53 سیٹر بس سڑک سے ہٹ کر گہری کھائی میں جاگری۔ عسکریت پسندوں نے بس پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ پونی علاقہ کے ترایاتھ گاؤں کے قریب شیو کھوری مندر سے کٹرا میں ماتا ویشنو دیوی مندر جا رہی تھی۔ بس میں سفر کرنے والے ایک متاثرہ شخص نے اسپتال میں نمائندوں کو بتایا کہ بس پر 25 سے 30 گولیاں چلیں اور بس کھائی میں گر گئی۔ اس نے ایک نقاب پوش حملہ آور کو دیکھا جو سرخ مفلر پہنے بس پر فائرنگ کر رہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:
جموں میں عسکریت پسندوں کا حملہ، نو افراد ہلاک - Terror Attack in Jammu
انہوں نے کہا کہ ہمیں شام 4 بجے روانہ ہونا تھا، لیکن بس 5.30 بجے روانہ ہوئی اور اچانک فائرنگ شروع ہوگئی۔ ضلع اسپتال میں داخل اتر پردیش کے سنتوش کمار نے بتایا کہ میں بس ڈرائیور کے پاس بیٹھا ہوا تھا کہ گھنے جنگلوں سے ایک گاڑی اتر رہی تھی، تب میں نے دیکھا کہ ایک شخص کالے کپڑے سے منہ اور سر ڈھانپے اندر داخل ہوا ہے۔ بس سامنے آئی اور اندھا دھند فائرنگ کردی۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ سے ڈرائیور زخمی ہوا اور بس کھائی میں گر گئی۔ انہوں نے کہا کہ عسکریت پسند کافی دیر تک بس پر فائرنگ کرتے رہے۔ متاثرہ نے بتایا کہ ہم کھائی میں بے یار و مددگار پڑے تھے۔ جس کے بعد کچھ مقامی لوگ وہاں پہنچے اور ہماری مدد کی۔ انہوں نے بتایا کہ بعد میں کچھ پولیس اہلکار بھی وہاں پہنچ گئے۔
اس کے ساتھ ہی مرکزی وزیر امت شاہ نے کہا کہ یاتریوں پر وحشیانہ عسکریت پسندوں کے حملہ میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا اور انہیں قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اتوار کو دوسری بار مرکزی وزیر کے طور پر حلف لینے کے فوراً بعد، شاہ نے کہا کہ انہوں نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور جموں و کشمیر کے ڈی جی پی آر آر سوین سے بات کی اور حملہ کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہا کہ وزیر اعظم نے حملہ کے بعد صورتحال کا جائزہ لیا اور انہیں ہدایت دی ہے کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھیں اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنائیں۔ اس گھناؤنے فعل کے پیچھے جو بھی ہیں انہیں جلد سزا دی جائے گی۔