جموں: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر جے پی نڈا نے ست شرما کو جموں و کشمیر بی جے پی کا نیا صدر مقرر کیا ہے، جبکہ سابق صدر رویندر رینا 13 مئی 2018 سے اس عہدہ پر فائز تھے۔ ست شرما 2014 سے 2018 تک جموں ویسٹ حلقہ سے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ اسی طرح رویندر رینا سابقہ جموں و کشمیر ریاست میں بی جے پی کے آخری صدر اور جموں و کشمیر یونین ٹیریٹری بننے کے بعد بی جے پی کے پہلے صدر تھے۔
بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری اور بی جے پی ہیڈ آفس کے انچارج ارون سنگھ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ جے پی نڈا نے ست شرما کو جے اینڈ کے بی جے پی کا نیا صدر مقرر کیا ہے جبکہ رینا کو قومی ایگزیکٹو کمیٹی کا رکن مقرر کیا گیا ہے۔ رینا حال ہی میں راجوری ضلع کے نوشہرہ اسمبلی حلقہ سے نیشنل کانفرنس کے امیدوار سریندر چودھری سے اسمبلی انتخابات ہار گئے تھے۔ ان کی ہات کو بھگوا پارٹی کے لیے ایک بڑا جھٹکا تصور کیا جارہا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ریاستی درجہ سیاسی نہیں پالیسی کا مسئلہ ہے: بی جے پی لیڈر
اسمبلی انتخابات سے پہلے ست شرما کو جموں و کشمیر کا ورکنگ صدر مقرر کیا گیا تھا لیکن اب انہیں صدر کے عہدے پر فائز کر دیا گیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے یہ فیصلہ اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے لیے سری نگر میں ہونے والی بی جے پی قانون ساز پارٹی کی اہم میٹنگ سے محض چند گھنٹے قبل کیا گیا۔