سرینگر: محکمہ آرکائیوز، آرکالوجی اینڈ میوزیم کی جانب سے منعقدہ تقریبات سے متعلق محکمے کے ڈائریکٹر کلدیپ کرشن سندھا نے کہا کہ اس دوران تاریخی جگہوں اور آثار قدیمہ کے تحفظ اور بحالی کے حوالے سے جموں اور کشمیر صوبے میں دو ورکشاپ کیے گیے، جن میں محکمہ آر اینڈ بی اور ضلع اور ڈویزنل انتظامیہ کے اعلی افسران کے علاوہ دیگر متعلقین نے بھی شرکت کی۔ اس دوران قدیم مقامات کے تحفظ اور بحالی کے تعلق سے ہر ایک کی رائے طلب کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ ہیرٹیج ٹورازم کو فروغ دینے کے حوالے سے کام کررہا ہے تاکہ دیگر سیاحتی مقامات کے ساتھ ساتھ لوگ قدیم اور تاریخی اعتبار سے اہم مقامات یا عمارات کی طرف متوجہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سرینگر میں قائم میوزم کی جانب مقامی اور غیر سیاحوں کو راغب کرنے کی خاطر ای کارٹس کو متعارف کیا جارہا ہے۔ تاکہ میوزیم نہ صرف سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنے بلکہ انہیں میوزیم تک پہنچنے میں بھی آسانی پیدا ہو۔
ایک سوال کے جواب میں کہ تاریخ اور عمارات وغیرہ کو آگ اور دیگر ناگہانی آفات سے بچانے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور آنے والے وقت میں اس پر ضرور کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے منعقدہ ورکشاپس کے دوران اس مسئلے کو اٹھایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہاں کے آثار قدیمہ کی بحالی اور تحفظ کے حوالے سے ضلعی سطح پر کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کی سربراہی متعلقہ ڈپٹی کمشنر کرتا ہے۔ ایسے میں کمیٹی کی جانب سے تاریخی اہمیت کے حامل مقامات، عمارات یا دیگر جگہوں کی نشاندہی عمل میں لاکر اور کمیٹی کی منظوری کے بعد محکمہ آرکائیوز، آرکالوجی اینڈ میوزیم ان کی بحالی اور تحفظ کا کام انجام دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف ضلع میں اس وقت ہمارے 74 کام چل رہے ہیں اور آئندہ مالیاتی سال کے دوران 236 تاریخی اہمیت کی جگہوں اور عمارات دیگر آثار قدیمہ کی نشاندہی کی گئی، جن پر بہت جلد بحالی کا کام شروع کیا جائے گا۔