سرینگر (جموں کشمیر): جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سیکریٹری وسیم احمد شالہ نے دعویٰ کیا کہ 'راہل گاندھی بھارت کے وزیر اعظم بنیں گے، انڈیا بلاک اپنے دم پر حکومت قائم کرے گی، جبکہ جموں کشمیر میں بھی انڈیا بلاک سبھی سیٹوں پر فتح کے جھنڈے گاڑے گی۔' ان باتوں کا اظہار وسیم شالہ نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے شالہ نے کہا کہ 'ایگزٹ پول اور عین انتخابات، کاؤنٹنگ میں فرق ہے۔ ایگزٹ پولز کا انتظام میڈیا نے دباؤ پیدا کرنے کے لیے کیا تھا۔ آج رائے دہندگان نے اصل تصویر دکھا دی ہے۔‘‘ شالہ کے مطابق: ’’راہل جی کی یاترا نے حیرت انگیز کام کیا ہے۔ اسمرتی ایرانی بھی ہار رہی ہے، نریندر مودی بھی پیچھے ہیں۔ سب ہار جائیں گے۔ کانگریس 300 سے زیادہ نشستیں حاصل کرے گی۔' جموں و کشمیر کے بارے میں بات کرتے ہوئے شالہ نے کہا کہ 'ہم جموں کشمیر کی سبھی نشستیں جیتنے کے لیے پر امید ہیں۔ لوگ تبدیلی چاہتے ہیں اور تبدیلی آئے گی۔'
ادھر، دوپہر تک کے رجحانات کے مطابق بی جے پی کے ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور جگل کشور شرما بالترتیب ادھم پور اور جموں سے آگے ہیں، جہاں وہ انڈیا بلاک کے امیداروں کو ممکنہ طور پر شکست دے سکتے ہیں۔ کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے آغا سید روح اللہ مہدی اور میاں الطاف احمد بالترتیب سرینگر اور اننت ناگ نشستوں پر آگے ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آزاد امیدوار عبد الرشید شیخ المعروف انجینئر رشید بارہمولہ سیٹ پر آگے چل رہے ہیں۔ کشمیر میں دو سابق وزرائے اعلی عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی دونوں اب تک پیچھے ہیں۔ جبکہ لداخ میں آزاد امیدوار حاجی حنیفہ جان آگے چل رہے ہیں جبکہ کانگریس کے سیرنگ نامگیال اور بی جے پی کے تاشی گیلسن پیچھے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: انجینئر رشید فتح کے قریب، عمر عبداللہ ، سجاد لون دھول چاٹ سکتے ہیں